ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی

گجرات
،تصویر کا کیپشنضمنی انتخابات:گجرات میں دو پارلیمانی اور چار اسمبلی انتخابات ہوئے جن میں بی جے پی کامیاب رہی

بھارت میں لوک سبھا کی چار اور گجرات کی ریاستی اسمبلی کی چھ نشستوں کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ان ضمنی انتخابات میں برسر اقتدار جماعت کانگریس کو دھچکا لگا ہے اور وہ صرف ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ گجرات میں بی جے پی نے چھ کی چھ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

انتخابات ہوئے تھے اور ووٹوں کی گنتی آج بدھ کو شروع ہوئی۔

بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں لوک سبھا کی دو نششتوں اور ریاستی اسمبلی کی چار نششتوں کے لیے اتوار کو ضمنی انتخابات ہوئے تھے۔ ان نشستوں پر پہلے کانگریس کا قبضہ تھا لیکن اب وہ ان کے ہاتھوں سے نکل کر بھاریتیہ جنتا پارٹی کی جھولی میں چلی گئی ہیں۔

ریاست کے وزیر اعلی نریندر مودی نے ان ضمنی انتخابات کے نتیجوں کو دیوار پر لکھی تحریر سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ برسر اقتدار جماعت کانگریس کو ان نتائج کو 2014 میں ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ’یہ نتائج آنے والے انتخابات کے لیے برسر اقتدار جماعت کے لیے الٹی میٹم ہیں۔‘

دوسری جانب ریاست بہار کی مہاراج گنج لوک سبھا سیٹ پر مقابلہ ریاست کی دو اہم جماعتوں جنتا دل یونا‏ئیٹڈ اور راشٹریہ جنتا دل کے درمیان تھا۔

بہار اور گجرات کے نتیجوں نے نیتیش پر مودی کی سبقت ثابت کی ہے
،تصویر کا کیپشنبہار اور گجرات کے نتیجوں نے نیتیش پر مودی کی سبقت ثابت کی ہے

ریاست کے وزیر اعلی نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل (یو) کو اس میں ہار کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اس کے امیدوار پی کے شاہی راشٹریہ جنتا دل کے امیدوار پربھو ناتھ سنگھ سے ہار گئے۔ یہ سیٹ پہلے بھی راشٹریہ جنتا دل کے پاس تھی۔

واضح رہے کہ نتیش کمار آئندہ سال ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں اپنی حلیف جماعت بی جے پی میں نریندر مودی کو وزیر اعظم کے طور پر پیش کیے جانے کے خلاف ہیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان نتائج سے جہاں بی جے پی کو تقویت ملی ہے وہیں نتیش کمار کے لیے زمین تنگ ہوئی ہے۔

مغربی بنگال کی ہاوڑہ پارلیمانی سیٹ پر ریاست میں بر سر اقتدار پارٹی ترنمول کانگریس کے امیدوار کو کامیابی ملی ہے۔ ترنمول کے امیدوار پرسون بینرجی نے اپنے قریبی حریف سی پی آئی ایم کے امید وار سریدیپ بھٹاچاریہ کو 27 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے ہرا دیا ہے۔

یہاں مقابل سہ رخی تھا۔ ترنامول کے امیدوار کو کانگریس اور ریاست میں بااثر کمیونسٹ پارٹی (مارکسسٹ) کے امیدواروں سے سخت مقابلے کا سامنا تھا۔

اتر پردیش میں ایک اسمبلی سیٹ لیے ہوئے انتخابات میں برسراقتدار جماعت سماجوادی پارٹی کے امیدوار کو کامیابی ملی ہے۔

جبکہ کانگریس کی امیداوار نندنی پارویکر نے مہاراشٹر اسمبلی کی یاوتمل سیٹ پر جیت درج کی ہے۔ انھوں نے بی جے پی کے اپنے حریف مدن یراور کو 15 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی ہے۔