کرناٹک میں ’کانگریس پارٹی کی واپسی‘

امکان ہے کہ کانگریس پارٹی کے رہنما سدھا رامیا ریاست کے نئے وزیر اعلی ہوں گے
،تصویر کا کیپشنامکان ہے کہ کانگریس پارٹی کے رہنما سدھا رامیا ریاست کے نئے وزیر اعلی ہوں گے

بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک میں اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے اکثریت حاصل کر لی ہے اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ریاستی اسمبلی میں کل دو چوبیس نسشتیں ہیں جس میں سے دو سو تئیس کے لیے انتخابات ہوئے اور کانگریس پارٹی نے ان میں سے 119 نشستیں جیت لی ہیں جبکہ 2 پر اسے برتری حاصل ہے۔

ریاست میں حکومت سازي کے لیے ایک سو تیرہ سیٹوں کی ضرورت ہے اور یوں کانگریس کو سادہ اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔

حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو ان انتخابات میں ابھی تک 39 نشستیں ملی ہیں اور ایک سیٹ پر اس کا امیدوار آگے ہے۔

ان سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ مقامی پارٹی جنتادل ایس نے کیا ہے جسے 40 سیٹیں ملی ہیں جبکہ 22 نشستوں پر دیگر جماعتیں کامیاب ہوئی ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کو پانچ برس کی حکومت کے بعد جہاں حکومت مخالف رجحان کا سامنا تھا وہیں پارٹی کے اندرونی اختلافات کے سبب بھی اسے زبردست نقصان اٹھانا پڑا۔

کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ انتخابات اس بات کے عکاس ہیں کہ جو پارٹی وعدہ کرتی ہے اور اس پر کام نہیں کرتی اس کا یہی حال ہوگا۔