رشوت لینے کے الزام میں 36 پولیس اہلکار معطل

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے صنعتی شہر ممبئی میں 36 پولیس اہلکاروں کو رشوت لینے یا اس کا مطالبہ کرنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ تمام پولیس اہلکار مرکزی ممبئی کے نہرو نگر (كرلا) پولیس تھانے سے وابستہ تھے۔
ان پولیس اہلکاروں کو ایک سٹنگ آپریشن میں مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے یا اس کا مطالبہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
یہ سٹنگ آپریشن ممبئی کے ایک شہری محمد خان نے کیا تھا۔ پولیس کی بدعنوانی کو بے نقاب کرنےکے لیے محمد خان نے سٹنگ آپریشن کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نہرو نگر پولیس سٹیشن کے کئی پولیس اہلکار ان کے ایک دوست سے ایک عمارت کی تعمیر نو کے لیے پیسے مانگ رہے تھے۔
کچھ دن پہلے ہی انتظامیہ نے اس علاقے ’باپا رفيوجي کیمپ‘ میں تعمیر نو پر پابندی لگا دی تھی۔
محمد خان نے ان کے گھر میں کیمرہ نصب کر دیا تھا جس میں کئی پولیس اہلکار مبینہ طور پر پیسے لیتے ہوئے ریکارڈ ہوگئے۔
ان کا الزام ہے کہ کئی پولیس اہلکاروں کو کل پینتالیس ہزار روپے دیےگئے۔ انہوں نے سینیئر پولیس افسران کو اس ویڈیو کی سی ڈی کے ساتھ شکایت کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انتظامیہ نے اس فوٹیج کوحاصل کرنے کے بعد تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ میں پولیس والوں کے خلاف کاروائی کا مشورہ دیا گیا تھا جس کے سبب 36 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
معطل شدہ پولیس والوں کے خلاف اینٹی کرپشن برانچ نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ریاست کے نائب وزیر اعلی آر آر پاٹل کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف مہم پورے مہاراشٹر میں جاری ہے۔
یہ مہم گزشتہ ہفتے ممبئی میں ایک اونچی مگر غیر قانونی عمارت کے گر جانے کے بعد شروع ہوئی ہے۔ اس حادثے میں 74 افراد کی موت ہوگئی تھی۔







