ممبئی:عمارت منہدم، ہلاکتوں کی تعداد ستر ہو گئی

بھارت کے تجارتی شہر ممبئی کے علاقے تھانے میں پولیس کے مطابق منہدم ہونے والی غیر قانونی رہائشی عمارت کے ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کم از کم ستر تک پہنچ گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سات منزلہ عمارت غیر قانونی طور پر محکمۂ جنگلات کی زمین پر تعمیر کی جا رہی تھی اور اس کی چار منزلیں زیر استعمال تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کم از کم سترہ بچے بھی شامل ہیں
جائے حادثہ پر ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو رات گئے پیش آنے والے اس واقعے میں کم از کم ستر افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ساٹھ افراد کو ملبے سے زندہ نکلا گیا ہے۔
اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی میونسپل کمشنر اور سینیئر پولیس اہلکار کو اپنے فرائض سے غفلت برتنے اور بلڈرز سے مبینہ ساز باز کرنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔مقامی پولیس کمشنر راگونشی کے مطابق عمارت کے مالکان کوگرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعرات کی شام کو عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوا اور اس کے نتیجے میں عمارت کا پورا ڈھانچہ زمین بوس ہو گیا۔
ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ عمارت بظاہر ناقص تعمیراتی سامان استعمال کرنے کے باعث منہدم ہوئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور رہائشی عمارتوں کی طلب کی وجہ سے اسی طرح کی کئی غیرقانونی عمارتیں زیرِ تعمیر ہیں۔
ایک عینی شاہد رام لال نے بتایا کہ ’عمارت پہلے ایک طرف کو جھکی اور اس کے فوری بعد منہدم ہو گی، عمارت تاش کے پتوں کی طرح تین سے چار سیکنڈ میں زمین بوس ہو گئی‘۔
بھارت میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقۂ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔







