
بھارت اور چین کے درمیان اروناچل متنازعہ علاقہ ہے
بھارتی ریاست اروناچل پردیش ميں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریاست کے سینیئر پولیس افسر ایم ایس چوہان ٹپّی کے علاقے سے لاپتہ ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق مسٹر چوہان ایٹا نگر سے توانگ جارہے تھے اور مغربی کھمینگ ضلع کے ٹپّی سے وہ گزشتہ کل سے لاپتہ ہیں۔
علاقے کے بھلک پونگ پولیس سٹیشن میں ان گی گمشدگی کی روٹردرج کرائی گئی ہے۔
کھمینگ کے ایس ایس پی ٹی ٹی لامبا کا کہنا ہے کہ مسٹر چوہان نے اپنے ساتھ دو پولیس اہلکاروں کو ساتھ لیا تھا اور ٹپّی کے مارکیٹ گئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ بازار میں پہنچ کر مسٹر چوہان نے ان اہلکاروں سے انتظار کرنے کو کہا اور انہیں بتایا کہ وہ پاس میں بہتے دریا کے پس لانچ پر ان سے ملیں گے۔
مسٹر لامبا کے مطابق ا کے بعد ہی سے ان کا پتہ نہیں چل پا رہا ہے۔ '' ہم نے گزشتہ رات سے ہی ان کی تلاش شروع کی تھی لیکن ابھی تک ان کے متعلق کچھ بھی پتہ نہیں چل پا یا ہے۔''
لیکن مسٹر لامبا نے ان کے اغوا ہونے سے متعلق کسی بھی امکانات سے انکار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جس جگہ سے وہ لاپتہ ہوئے وہاں کافی بھیڑ بھاڑ والا علاقہ ہے۔
ارونا چل پردیش بھارت اور چین کے درمیان ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ اروناچل پردیش اس کا علاقہ ہے جبکہ بھارت اسے مسترد کرتا ہے۔
ایم ایس چوہان سپیشل انویسٹیگیشن سیل میں سپری ٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدے پر تعینات تھے۔
دو ہزار آٹھ میں ہائی کورٹ نے انہیں کروڑوں روپے کے پی ڈی ایس بدعنوانی معاملے کی تفتیش کے لیے بھی خصوصی افسر متیعین کیا تھا۔






























