
بھارت اور چین کے درمیان دلائی لامہ کے حوالے سے کشیدگی رہتی ہے
بھارتی ریاست ہماچل پردیش کی پولیس نے ویزا کی خلاف ورزیوں کے الزام میں ایک مذہبی مقام پر چھاپہ مار کر آٹھ چینی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے یہ کارروائی منگل کی رات منڈی ضلع کے چونترا گاؤں میں کی جہاں ایک مذہبی مقام پر چھاپہ مارا گیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے گرفتار شدہ افراد سے تیس لاکھ روپے، تین ہزار امریکی ڈالر اور دیگر کرنسی سمیت اے ٹی ایم کارڈز بھی ضبط کیے ہیں۔
ان افراد کے پاس سے جو موبائل فون اور سم کارڈز برآمد ہوئے ہیں اس کے متعلق پولیس کو شک ہے کہ وہ چین کے ہیں۔
اس طرح کی خبریں نشر کی جا رہی تھیں کہ شاید یہ چین کے جاسوس ہیں لیکن ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس آر مرڈی کا کہنا ہے کہ ابھی اس بارے میں کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیز ان افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں اور تفتیش کی تکمیل سے پہلے کچھ بھی کہنا درست نہیں ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق ان افراد کی گرفتاری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بدھ مذہبی پیشوا دلائی لامہ کو قتل کرنے کی سازش کے بارے میں ایک بار پھر باتیں کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ چینی شہری ٹورسٹ ویزے پر تھے اور یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ آحر وہ اس دور دراز والے گاؤں میں اس طرح کا ٹھکانہ تلاش کرنے میں کیسے کامیاب ہوئے۔






























