غربت کا خاتمہ ضروری ہے: پرنب

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارت میں حکمراں جماعت کانگریس پارٹی کے سرکردہ رہنما پرنب مکھرجی نے ملک کے تیرہویں صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔
انہیں پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس کپاڈیہ نے حلف دلایا۔
حلف اٹھانے کے بعد ملک کے نئے صدر نے اپنے افتتاحی خطاب میں ملک کی جمہوری قدروں پر زور دیا اور کہا کہ بھارت میں غربت کا خاتمہ ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ملک کے شہریوں میں معاشی برابری بہت اہم اور ’غربت اور بھوک سے زیادہ ذلالت کسی اور چیز میں نہیں ہے۔ ہمیں ان لوگوں کو اوپر اٹھانا ہے تاکہ جدید بھارت کی ڈکشنری سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکے۔‘
’ہم نے زراعت، صنعت اور سماجی ڈھانچے جیسے شعبوں میں کافی ترقی کی ہے لیکن یہ اس کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہے جو آنے والی نسل بھارت کے لیے آئندہ عشروں میں پیدا کرے گي۔‘
مکھرجی نے کہا کہ صدر کی اصولی ذمہ داری آئین کا تحفظ کرنا ہے۔ ’میں، جیسے کہ میں نے حلف لیا ہے، آئین کے تحفظ، اس کی رکھوالی اور دفاع کے لیے صرف الفاظ سے ہی نہیں بلکہ عملی طور پر بھی پوری جد و جہد کروں گا۔‘
نئے صدر کے انتخاب کے لیے انیس جولائی کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور ووٹوں کی گنتی بائیس جولائی کو ہوئی تھی۔
صدارتی انتخاب میں پرنب مکھرجی نے اپنے مد مقابل پی اے سنگما کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







