آسام: سیلاب سے نو لاکھ بےگھر

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے ستائیس اضلاع میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے نو لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
آسام میں گزشتہ پندرہ دن سے مون سون کی شدید بارشیں جاری ہیں اور سیلاب کی وجہ سے اب تک ستائیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
ریاست کے وزیرِ زراعت نیل منی سین دیکا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے نو لاکھ افراد بےگھر ہوئے ہیں اور ان میں سے بیشتر بلند اور محفوظ مقامات پر یا خیموں میں پناہ گزین ہیں۔
وزیرِ زراعت کا کہنا تھا کہ یہ ریاست میں سنہ انیس سو اٹھانوے کے بعد آنے والا بدترین سیلاب ہے۔
آسام کے وزیرِ صحت ہمانتا بسوا شرما کے مطابق ریاست کے مرکزی دریا برہم پتر سمیت تمام دریاؤں میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہے اور متعدد مقامات سے دریاؤں کے حفاظتی پشتوں میں شگاف پڑنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی ریاست آسام کی سرحد بنگلہ دیش سے ملتی ہے جہاں حالیہ بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے سے سو سے زائد لوگ مارے گئے ہیں۔



