کنگ فشر کی پروازیں منسوخ، مسافر پریشان

،تصویر کا ذریعہsite
بھارت کی نجی ایئر لائن کنگ فشر کی درجنوں پروازیں آج تیسرے روز بھی منسوخ ہوگئی ہیں جس سے کئي شہروں میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پیر کے روز دلی، چندي گڑھ اور کولکتہ جیسے دیگر بڑے شہروں سے پرواز بھرنے والی ساٹھ سے زائد پروازیں منسوخ ہوئي ہیں اور بہت سی تاخیر سے چل رہی ہیں۔
وجئے مالیہ کی ایئر لائن کنگ فشر کافی دنوں سے معاشی مشکلات کا شکار ہے اور چند روز قبل ہی اس نے تقریبا چار سو کروڑ روپے کے خسارے کا اعلان کیا تھا۔
کمپنی حکومت سے مدد کی درخواست کرتی رہی اور ملکی ایئرلائنز میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بھی کہا ہے لیکن ابھی تک اسے کوئی مدد نہیں مل سکی ہے۔
تنخواہیں نہ ملنے کے سبب اس کے بہت سے پائلٹ اور اعلی سطح کے دیگر ملازمین اس کمپنی کو چھوڑ کر چلےگئے ہیں جس سے اس کا آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کمپنی نے کہا ہے کہ جو مسافر پھنسے ہوئے ہیں انہیں سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا میں جگہ دی جائےگی اور آئندہ کے مسافروں کے پورے پیسے واپس کر دیے جائیں گے۔
اس دوران شہری ہوا بازی کے وزیر اجیت سنگھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کنگ فشر کو کوئی مالی مدد دینے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایئر لائن نے اپنا معاملہ بینکوں کو پیش کیا ہے انہوں نے ہی اس پر فیصلہ کیا ہے لیکن حکومت کسی بھی پرائیوٹ کمپنی کے لیے امدادی منصوبہ پیش نہیں کرے گی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بھارتی شہری ہوا بازی کے شعبے میں کئی نجی کمپنیوں کی ایئر لائنز ہیں اور کنگ فشر ان میں سے سب سے بہترین ایئر لائن مانی جاتی تھی۔ اس ایئر لائن کو اس کی بہتر خدمات کے لیے ایوارڈ بھی ملے ہیں۔ لیکن اسے کافی دنوں سے سخت مالی مشکلات کا سامنا رہا ہے اور اب حالت یہ ہے کہ وہ بندش کے دہانے پر کھڑی ہے۔







