بھارت:سمندری طوفان سے تباہی، تینتیس ہلاک

،تصویر کا ذریعہPTI
خلیج بنگال میں اٹھنے والے ’تھین‘ نامی سمندری طوفان نے بھارت کے جنوبی علاقوں میں تباہی مچائی ہے اور اس کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تینتیس تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کے مطابق طوفان سے ریاست تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں سے لے کر پونڈی چری تک کا علاقہ متاثر ہوا ہے۔
تمل ناڈو کے ضلع کڈلور کے مقامی منتظم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ علاقے میں طوفان سے کم از کم اکیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی نقصانات کا اندازہ ابھی لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر ہلاکتیں منہدم ہونے والی دیواروں کے نیچے دبنے یا کرنٹ لگنے سے ہوئی ہیں۔
تمل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں مختلف مقامات سے مزید پانچ ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقے میں بجلی اور مواصلاتی رابطے بحال کرنے لیے ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں جبکہ سنیچر کو ٹرین اور فضائی سروس بھی بحال ہوگئی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق طوفانی لہروں نے ایک مال بردار بحری جہاز کو چنئی کے ساحل پر دھکیل دیا ہے۔
طوفان سے پونڈی چری میں بھی سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست کے وزیراعلٰی این رنگاسوامی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں اتنی تباہی کبھی نہیں دیکھی‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بھارت اور بنگلہ دیش ہر سال خلیج بنگال سے اٹھنے والے سمندری طوفانوں کی زد پر ہوتے ہیں۔ سنہ دو ہزار نو میں ایلا نامی سمندری طوفان سے جنوبی بنگلہ دیش میں تین سو افراد ہلاک اور چار ہزار کلومیٹر پر مشتمل علاقے میں سڑکیں اور بند تباہ ہوگئے تھے۔







