امید سے کم بارش کا امکان

،تصویر کا ذریعہAP
بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ اس بار مون سون کے دوران امید سے کم بارش ہونے کا خدشہ ہے۔ بھارت کے جنوبی حصوں میں مون سون پہنچنے کے اس کا نیا تجزیہ کیاگيا ہے۔
ملک کے محکمہ موسمیات نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ اس برس مون سون اچھا رہےگا اور ملک بھر بارش اوسطاً اچھی رہے گی۔
سائنس اور ٹیکنالوجی امور کے مرکزی وزیر کمار بنسل نے دلی میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ملک بھر میں مون سون کی بارشیں اوسطاً پچانوے فیصد رہنے کی امید ہے۔ اس پیشگوئی میں چار فیصد کی غلطی کی بھی توقع ہے۔
اپریل کے مہینے میں حکومت نے کہا تھا کہ اس بار مون سون معمول کے مطابق ہوگا اور بارش تقریباً نوے فیصد ہوگي۔
اس بار جنوبی ریاست کیرالا میں مون سون انتیس مئی کو پہنچا تھا جس کے بعد بارش کی صورت حال کا از سرنو جائزہ لیا گیا ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر اجیت تیاگي کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں کو دھیان میں رکھتے ہوئے مون سون کے دوران باش سے متعلق دوبارہ غور و فکر کیاگيا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں پہلے مرحلے میں بارش کے کم ہونے کا امکان ہے لیکن دوسرے مرحلے میں بارش میں اضافہ ہوجائےگا۔
دلی میں انتیس جون کو مون سون کے پہنچنے کا امکان ہے جبکہ ریاست راجستھان میں یہ یکم جولائی کو پہنچےگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







