مائی نیم از خان کے خلاف سینکوں کا ہنگامہ

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
ممبئی کے پولیس کمشنر ڈی شیوانندن کی فلمساز کرن جوہر کو تمام ملٹی پلیکس کو پولیس تحفظ فراہم کرانے کی یقین دہانی کے ایک گھنٹہ بعد ہی فلم ’مائی نیم از خان‘ کے خلاف ممبئی میں شیوسینکوں نے ہنگامہ شروع کر دیا ہے۔
ممبئی کے مشرقی مضافاتی علاقے گھاٹ کوپر، بھانڈوپ اور ملنڈ کے ملٹی پلیکسز اور سنگل سکرین تھیئٹر کے باہر فلم کے پوسٹرز کو شیوسینکوں نے پھاڑا، اس میں آگ لگائی اور شاہ رخ کے خلاف نعرے بازی بھی کی ہے۔مظاہرہ کر رہے شیوسینکوں کا کہنا تھا کہ وہ بالا صاحب کے حکم کی تعمیل کر رہے ہیں۔
پولیس نے ہنگامہ کرنے کے الزام میں اب تک چھتیس شیوسینکوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس ہنگامے کے فورا بعد شہر کے دیگر ملٹی پلیکس تھیئٹرز میں بڑی تعداد میں پولیس جوان تعنیات کر دیے گئے ہیں۔
شیوسینا نے تین روز قبل ہی اپنے اداریہ میں اس بات کی وضاحت کر دی تھی کہ وہ فلم کی مخالفت نہیں کریں گے لیکن اس اعلان کے باوجود شیوسینا کے اس ہنگامے کو ان کی نئی سیاسی حکمت عملی قرار دیا جارہا ہے۔

جوائنٹ پولیس کمشنر ( نظم و نسق ) ہیمانشو رائے نے صحافیوں سے کہا کہ اس فلم کی نمائش میں رکاوٹ پیدا نہ ہو اس کے لیے پولیس شہر کے تمام ترسٹھ سنیما گھروں کو تحفظ دے گی۔ اسی کے ساتھ ڈسٹری بیوٹرز کو بھی پولیس تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
فلم کی نمائش ریاستی حکومت کے لیےایک چیلنج بن گئی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلی اشوک چوان نے میڈیا سے کہا کہ وہ ہر قیمت پر اس فلم کی نمائش میں تعاون دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
شاہ رخ خان کی اس فلم کے خلاف مظاہرے اس وقت سے شروع ہوئے جب خان نے آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کے شامل نہ کیے جانے پر افسوس ظاہر کیا تھا۔ شیوسینا نے ان کے اس بیان پر انہیں ’خان‘ ہونےکا طعنہ دیا اور وطن غدار بھی کہا۔
ان کا مطالبہ ہے کہ جب تک خان بال ٹھاکرے سے معافی نہیں مانگتے وہ ان کی فلم کی نمائش میں اسی طرح رکاوٹ ڈالتے رہیں گے۔ لیکن خان نے ٹھاکرے سے معافی مانگنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ جو کچھ بھی انہوں نے کہا وہ اب بھی اسی پر قائم ہیں۔ شاہ رخ نے اس معاملہ میں بال ٹھاکرے سے ملاقات کرنے سے بھی انکار کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم بارہ فروری کو پورے ملک میں ایک ساتھ نامئش کے لیے پیش ہو رہی ہے اس فلم میں شاہ رخ خان اور کاجول اہم کردار میں ہیں۔







