بھارت میں سوائن فلو کا قہر جاری ہے

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور کی ایک چھبیس سالہ خاتون کی موت کے ساتھ ہی ملک میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر بیس ہو چکی ہے۔
گزشتہ بارہ گھنٹوں کے اندر یہ تیسری موت ہے۔
ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں جمعرات کی صبح گیارہ ماہ کے بچے رتویک کامبلے، ضعیف پچھتر سالہ خاتون بھارتی گوئل کی سوائن فلو سے موت واقع ہو ئی تھی۔ اسی کے ساتھ پونے میں اس موذی وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بارہ ہو چکی ہے۔ تاہم بنگلور میں سوائن فلو H1N1 وائرس سے ہونے والی یہ پہلی موت ہے۔
ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مریضہ کو نموینہ کی شکایت کے ساتھ ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ گیارہ اگست کے بعد سے ان کی حالت خراب ہوئی تھی۔
سوائن فلو اب انڈیا کی کئی ریاستوں تک پھیل گیا ہے۔ مہاراشٹر گجرات، کرناٹک کے علاوہ چھتیس گڑھ میں بھی اب بائیس مشتبہ مریضوں کی جانچ جاری ہے۔ گجرات جہاں بڑودہ اور احمد آباد میں دو اموات ہو چکی ہیں، مزید دس مریضوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے جن کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ گجرات مہاراشٹر کے بعد دوسری ایسی ریاست ہے جہاں H1N1 وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔

گجرات کے پرنسپل ہیلتھ سکریٹری روی سکسینہ کے مطابق تمام مریضوں کی رپورٹ آچکی ہے جن میں سے دس مریضوں کی رپورٹ مثبت ہے ان میں سےتین خواتین ہیں۔ سکسینہ کے مطابق پانچ مریض احمد آباد کے چار سورت شہر اور ایک چودہ سالہ لڑکا نوساری علاقہ کا ہے۔
ملک بھر سے ملے اعداد و شمار کے مطابق ایک سو پچیس نئے کیس سوائن فلو کے درج ہوئے ہیں اس طرح ملک میں سوائن فلو سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار دو سو تین تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں ممبئی سے چوبیس ، کولکتہ سے تین ، بنگلور سے دس ، شیلانگ میں ایک گوا میں ایک دہلی کے آٹھ اور حیدرآباد کے تین نئے کیس شامل ہیں۔
مہاراشٹر ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے جہاں اب تک پندرہ افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔ پونے میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت چودہ سالہ لڑکی ردا شیخ کی ہوئی تھی اور اس کے بعد سے اب تک وہاں بارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جن میں سب سے کم عمر کا گیارہ ماہ کا لڑکا شامل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پونے کے ساسون ہسپتال میں دو مریضوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پونے میں سوائن فلو کے اکسٹھ نئے کیس سامنے آئے ہیں۔
پونے میں بارہ ، ممبئی میں دو ناسک میں ایک احمدآباد میں ایک وڈودرہ میں ایک ، چینئی اور تھرواننتھاپورم اور بنگلور میں ایک ایک موت واقع ہوئی ہے۔
پونے میں سکول کالج اور ملٹی پلیکس بند ہیں ممبئی میں بھی بیس اگست تک تمام سکول کالج بند ہیں۔ ملٹی پلیکس کو تین دنوں کے لیے بند کیا گیا ہے۔ حکومت نے شاپنگ مالز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے یہاں سیل کا اشتہار نہ دیں۔
ملٹی پلیکس بند ہونے کی وجہ سے شاہد کپور اور پرینکا چوپڑہ کی فلم ' کمینے ' اور لائف پارٹنر کی ممبئی میں ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے۔ کئی فلموں کی شوٹنگ منسوخ کر دی گئی۔
ہندؤں کے تہوار نجم اشٹمی پر دہی ہانڈی پھوڑنے کی تقریب بڑے پیمانے پر ہوتی ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں، دہی ہانڈی منعقد کرنے والے منتظمین نے اس برس اسے منسوخ کر دیا ہے۔
پونے اور ممبئی میں دہشت کا ماحول برقرار ہے۔ حکومت نے ممبئی کے کستوربا ہسپتال کے علاوہ چھ اور ہسپتالوں میں سکریننگ اور جانچ سینٹر کھولے ہیں۔ ہر ہسپتال میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ جانچ کے لیے آرہے ہیں۔ سدھارتھ ہسپتال کی منتظم فوزیہ ہاشم کے مطابق لوگ اتنے گھبرائے ہوئے ہیں کہ معمولی بخار میں بھی جانچ کرانے آرہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں روزانہ ہزاروں مریضوں کی جانچ کرنی پڑ رہی ہے۔ ڈاکٹرز چوبیس گھنٹے آن کال ڈیوٹی پر ہیں۔
نجی ہسپتالوں نے اپنے یہاں سوائن فلو کے مریضوں کے علاج کے لیے علیحدہ وارڈ بنا لیا ہے۔ حکومت انہیں سینچر سے وہاں علاج کی اجازت دے گی۔







