بھارت میں سوائن فلو سے سولہ ہلاک

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
ہندوستان میں بدھ کے روز سوائن فلو سے چھ مزید افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اس طرح اس وباء سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد سولہ ہوگئی ہے جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
تازہ ترین ہلاکت کا واقعہ پونے میں پیش آیا ہے جہاں ساسون ہسپتال میں داخل نیتا میگھانی نامی خاتون اس وائرس سے ہلاک ہوئی ہیں۔
ریاست مہاراشٹر پورے ملک میں سوائن فلو سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے اور اس کے پونے اور ممبئی شہر زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ سوائن فلو سے ناسک میں بھی ایک مریض ہلاک ہوا ہے۔
حکومت نے ممبئی میں سکولوں، کالجوں کو ایک ہفتے کے لیےاحتیاط کے طور پر بند کر دیا ہے۔ سینما گھروں کو بھی تین دنوں کے لیے بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ پونے میں پہلے سے ہی سکول، کالجز، شاپنگ مالز اور ملٹی پلیکس بند کر دیےگئے تھے۔
بدھ کی صبح ستائیس سالہ ڈاکٹر گانگورڈے کا ناسک میں انتقال ہوا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر ناسک ضلع کے دیہی علاقے میں ضلع پریشد کے سرکاری ہسپتال میں ڈیوٹی پر تھے۔ دس اگست کو انہیں سول ہسپتال لایا گیا تھا۔ان کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔ ناسک کے میونسپل کمشنر بی ڈی سنپ نے بی بی سی کو بتایا کہ اس موت کے بعد سول ہسپتال کے ڈاکٹرز اور اس مریض کے تعلق میں آنے والوں کی جانچ جاری ہے۔ ہسپتال میں ابھی سے ایک علیحدہ وارڈ بنا دیا گیا ہے۔
اس دوران ممبئی اور پونے میں لوگوں میں ابھی بھی دہشت کا ماحول ہے۔ ممبئی میں فہمیدہ پان والا اور سعیدہ ڈورجی والا کی موت کے بعد سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد دو ہو چکی ہے۔ شہر کے چند سکولوں نے ایک ہفتے کے لیے سکول بند کر دیے ہیں لیکن میونسپل کمشنر سرکاری سکولوں کو بند کرنے کے لیے شہریوں کی رائے ایس ایم ایس کے ذریعہ لے رہے ہیں۔ البتہ ممبئی سے متصل تھانے میونسپل کارپوریشن نے شہر کے تمام ایک سو بتیس سکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا ہے۔
دو دن قبل شہر کے پرائیوٹ ہسپتالوں کے ساتھ میٹنگ میں انیس نجی ہسپتالوں اور دو ریلوے ہسپتالوں نے اپنے ہاں سوائن فلو کے مریضوں کے علاج کے لیے حامی بھری ہے جس کے لیے وہ علیحدہ وارڈ بنا چکے ہیں۔ ممبئی شہر میں اب تک سوائن فلو کے ننانوے کیس درج ہوئے ہیں جن میں سے دو کی موت واقع ہو چکی ہے۔ پونے میں دو سو چورانوے درج ہوئے چھ کی موت واقع ہوئی۔ پورے ملک میں سوائن فلو سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ تجاوز کر گئی ہے۔
ممبئی میں فیس ماسک خریدنے کے لیے شہر کے تمام کیمسٹ کی دکانوں کے باہر قطار ہے۔ جوگیشوری کے ایک کیمسٹ کرشنا ڈرگ این جنرل سٹور کے مالک کا کہنا ہے کہ انہوں نے پانچ روپے کے ماسک انیس روپے میں فروخت کیے کیونکہ انہیں بھی یہ ماسک پندرہ روپے میں ملے تھے۔ کرشنا کے مطابقN95 ماسک ایک ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ لیکن وہ بھی اس وقت بازار میں دستیاب نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جوگیشوری علاقے میں چوبیس کیراٹ ملٹی پلیکس میں لوگ فلم دیکھنے نہیں آرہے ہیں۔ ٹکٹ کاؤنٹر پر بیٹھے شخص نے جو اپنا نام بتانا نہیں چاہتے، کہا کہ یہاں چار سکرین ہیں۔ فلم لو آج کل لوگوں میں مقبول ہے لیکن اس میں بھی پانچ سے سات لوگ ہیں آ رہے ہیں۔ دوسری فلموں اگیات ، تیرے سنگ کے لیے ایک یا دو لوگ آرہے ہیں اس لیے وہ فلم کی سکریننگ نہیں کر رہے ہیں۔







