سندر بن سے لاکھوں افراد کی نقل مکانی

آئیلہ کا قہر
،تصویر کا کیپشنآئیلہ نے بنگلہ دیش اور ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال ميں تباہی مچائی ہے

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست مغربی بنگال میں سمندری طوفان آئیلہ کی تباہی کے بعد سندربن علاقے سے بڑے پیمانے پر لوگ محفوظ مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔

اندیشہ ہے کہ سنیچر کو چودھویں کے چاند کے سبب سمندر ميں اونچی لہریں اٹھ سکتی ہیں جس سے مزید تباہی کا خطرہ ہے۔

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق سندربن کے ترقی کے وزيرکانتی گانگلی نے کہا ہے کہ جنوبی 24 پرگنہ ضلع میں خلیج بنگال کے ساحلی علاقوں کمری ماری، لاہیری پور، ستچیلیہ، امتولی، پاتھار پرتیمہ اور جی پلاٹ سے ایک لاکھ سے زيادہ افراد نے نقل مکانی کی ہے۔

سمندر میں کم دباؤ کا ایک اور گھیرا بننے کے سبب لوگوں کو بھاری بارش ہونے کا اندیشہ ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کی پیش گوئی نہیں کی ہے اور آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

نقل مکانی کرنے والوں میں بعض نے اپنے رشتےداروں کے گھروں میں پناہ لی ہے جبکہ بعض سکول کی عمارتوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اس درمیان مغربی بنگال کے وزیر اعلی بدھا دیو بھٹ اچاریہ نے اتوار کو کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے جس میں امدادی کارروائی پر بات چیت کی جائے گی۔

لیکن ریاست کی حزب اختلاف کی جماعت ترینامول کانگریس نے اس میٹنگ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مغربی بنگال کی حکومت نے آئيلہ سے ہوئی تباہی کے مدنظر مرکزی حکومت سے اسے قومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مغربی بنگال اور بنگلہ دیش میں اس طوفان سے ہونے والی تباہی میں دو سو سے زیادہ افراد مارے گئے تھے جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

خطرے کے سبب جنوبی 24 پرگنہ کی انتظامیہ سندربن سے لوگوں کو اونچے اور محفوظ مقامات پر جانے کی درخواست کر رہی ہے۔