کائیلی کا آپریشن کامیاب | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مشہور آسٹریلوی پاپ سِنگر کائیلی مِنوگ کی چھاتی کے کینسر کامیاب آپریشن کر لیا گیا ہے۔ لاکھوں دلوں کی دھڑکن کائیلی منوگ کے کینسر کا یہ آپریشن ان کے آبائی شہر میلبورن کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے چھاتی سے کینسر زدہ گلٹی کو کامیابی کے ساتھ نکال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کائیلی پرجوش ہیں اور بہت خوش ہیں۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے یہ بھی کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کائیلی کے جسم میں اس مہلک مرض کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں ہو گئی تھی لہذا کینسر کے جسم کے دوسرے حصوں میں پھیلنے کا خطرہ نہیں تھا۔ چھتیس سالہ کائیلی منوگ پہلی بار آسٹریلوی ٹی وی کے پروگرام ’نیبرز‘ سے شہ سرخیوں میں آئی تھیں۔ ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف گزشتہ ہفتے منگل کی صبح کیا گیا اور یہ بھی بتایا گیا کہ فوری علاج شروع کرنے کے سبب انہیں اپنے بین الاقوامی دورے کا آسٹریلوی مرحلہ منسوخ کرنا پڑ رہا ہے۔ کائیلی مِنوگ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں اپنے خاندان کے ساتھ تھیں جب یہ خبر پتہ چلی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وہ جلد ٹھیک ہو کر دوبارہ شوز کر سکیں گی۔ چھتیس سالہ کائیلی مِنوگ نے ’شو گرل ٹور‘ نامی یہ دورہ مارچ میں گلاسگو سے شروع کیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||