سونامی: امید کا کنسرٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سونامی سے متاثرین کے لئے امداد اکٹھا کرنے کے لئے بریڈ پِٹ، رابرٹ دی نیرو اور ہیو گرانٹ امریکی ٹیلی ویژن کے ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ سنیچر کے روز نشر کیے جانے والے اس پروگرام میں اینڈی گریسیا، لوسی لیو، نتالی پورٹ مین اور جے لینو بھی شامل ہیں۔ اس پروگرام میں ٹاپ گلوکارہ میڈونا، سر ایلٹن جان، نیلی اور اوشر کے ساتھ ساتھ اداکار کیوِن سپیسی، ہلے بیری اور جارج کلونی بھی شرکت کررہے ہیں۔ یہ خصوصی پروگرام این بی سی ٹیلی ویژن پر نشر کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے ناظرین سے اپیل کی جائے گی کہ وہ پروگرام کے دوران فون کے ذریعے پوری شب عطیہ کریں۔ اس پروگرام کا نام ’اے کنسرٹ آف ہوپ‘ یعنی ’امید کا ایک پیغام’ رکھا گیا ہے۔ اس میں کیتھرین زیٹا جونز، مائیکل ڈگلس، بروس ولیس، اوما تھرمن، میٹ ڈیمن، ڈریو بیری مور اور ٹِم رابِنس پروگرام پیش کریں گے۔ حال ہی میں جارج کلونی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ایک پروگرام کے دوران اس وقت غصے میں آگئے تھے جب یہ کہا گیا تھا کہ تمام امداد سونامی کے متاثرین تک نہیں پہنچے گی۔ فاکس ٹی وی کے بِل او ریلی نے کہا تھا کہ وہ اس بات پر نظر رکھیں گے کہ امداد سونامی کے متاثرین تک پہنچتی ہے یا نہیں۔ جارج کلونی کا کہنا تھا کہ بِل او ریلی کی اس بات سے ناظرین یہ سوچنے لگیں گے کہ شاید ان کا پیسہ متاثرین تک نہ پہنچ پائے گا۔ امداد اکٹھا کرنے کے لئے منعقد کیے جانے والے اس ٹی وی پروگرام میں کوئی اشتہارات نہیں ہوں گے۔ کئی کیبل نیٹ ورک اور ریڈیو براڈ کاسٹرز اسے نشر کرنے والے ہیں۔ یہ پروگرام سونی کنیکٹ کی ویب سائٹ سے خریدکر ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔ گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد اسی طرح کے ایک پروگرام کے ذریعے ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی امداد اکٹھا کی گئی تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||