| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سلمان خان پر اقدام قتل کا الزام واپس
بھارت کی سپریم کورٹ نے مشہورفلمی اداکار سلمان خان کے خلاف اقدام قتل کے الزام پر مقدمہ چلانے کی ایک درخواست کو مسترد کر دیاہے۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کے بعد سلمان خان پر بمبئ کی ایک ذیلی عدالت میں غفلت کے باعث ایک راہ گیر کو ہلاک کرنے کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ لیکن عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر سماعت کے دوران یہ ثابت ہوتا ہے کہ سلمان نے یہ قتل اراداۃ کیا ہے تو پھر ان پر قتل کے الزام میں مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ بمبئ کی عدالت کے فیصلے کے خلاف جس میں سلمان خان کو اقدام قتل کے الزام کو مسترد کر دیا تھا مہاراشٹر کی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ سینتیں سالہ سلمان خان بھی اس جرم سے انکار کر رہے ہیں۔ اقدام قتل کے الزام سے بری ہوجانےکے بعد سلمان خان پر اب شراب پی کر اور بنا لائسنس کے گاڑی چلانے اور ایک راہ گیر کو جان لیوا زخم پہنچانے کے الزامات پر مقدمہ چلایا جائے گا۔ سلمان خان کو ستمبر دو ہزار دو میں گاڑی کے ایک حادثے میں ایک بے گھر آدمی کو ہلاک اور تین کو زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ خان نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک بیکری سے ٹکرا دی تھی۔ سلمان خان نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز اسی کی دہائی میں کیا تھا اور وہ اب تک چالیس سے زیادہ فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ ان کی فلم ’میں نے پیار کیا‘ اور ’ہم اپ کے ہیں کون‘ بھارتی فلمی صنعت کی کامیاب ترین فلموں میں شامل ہیں۔ وہ فلمی کہانیاں لکھنے والے مصنف سلیم خان کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||