’مجھے میری قابلیت کی بنیاد پر کام مل رہا ہے‘

،تصویر کا ذریعہNARGIS FAKHRI
بالی وڈ کی امریکی نژاد اداکارہ نرگس فخری کو اس فلمی صنعت میں قدم رکھے مشکل سے چند سال ہی ہوئے ہیں لیکن ان کا اعتماد ساتویں آسمان پر ہے۔
وہ ان دنوں بالی وڈ کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ میں بھی کافی سرگرم نظر آ رہی ہیں۔
نرگس کا کہنا ہے کہ ’چاہے بالی وڈ ہو یا ہالی وڈ، میں فلموں کے پیچھے نہیں بھاگتی بلکہ مجھے میری قابلیت کی بنیاد پر کام مل رہا ہے۔‘
رواں سال ’ہاؤس فل تھری‘ جیسی ہٹ فلم کے بعد نرگس جلد ہی اداکار رتیش دیش مکھ کے ساتھ فلم ’بینجو‘ میں نظر آئیں گي۔
اس فلم میں وہ نیو یارک میں رہنے والی ایک ڈی جے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
نرگس کہتی ہیں: ’بینجو کی کہانی ناظرین کو ضرور پسند آئے گي۔ رتیش دیش مکھ کے ساتھ کام کرنا بھی ایک شاندار تجربہ رہا۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وہ کہتی کہ ہیں بالی وڈ کے معاملے میں وہ خوش قسمت رہیں کہ انھیں اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور اس لیے زیادہ پریشانی نہیں ہوئی۔
ان کے مطابق: ’بالی وڈ کی فلموں میں نغمے اور رقص کافی اہمیت کے حامل ہیں، اس کے باوجود یہاں بہت سنجیدہ فلمیں بھی بن رہی ہیں جو ہالی وڈ میں بھی نہیں بنتی ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل فلم ’مدراس کیفے‘ میں نرگس نے ایک صحافی کا کردار ادا کیا تھا۔
فلم ’اگلی‘ کی مثال دیتے ہوئے نرگس کہتی ہيں: ’ایسی فلموں کو باہر بھی کافی پسند کیا جاتا ہے۔ تاہم اس وقت بالی وڈ کے بڑے بینر بھی صرف رقص اور گلوکاری سے لبریز فلموں پر ہی زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ لیکن اب ناظرین کا مزاج بدل رہا ہے۔‘
زیادہ تر ملٹي سٹار فلموں میں ہی نظر آنے والی نرگس کے مطابق: ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ فلم میں کتنے سٹار ہیں۔ اگر میرا رول اچھا ہے اور اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے تو میں ایسی فلمیں آگے بھی کرنا چاہوں گي۔‘







