’بیٹ مین ورسز سپرمین‘ ناقدین کو متاثر کرنے میں ناکام

 ناقدین اگرچہ اس فلم کے بارے مختلف آراء رکھتے ہیں لیکن اس فلم کو دیکھنے والے بیٹ مین اور سپر مین کے مداحوں کی جانب سے اس فلم کافی سراہا جا رہا ہے
،تصویر کا کیپشن ناقدین اگرچہ اس فلم کے بارے مختلف آراء رکھتے ہیں لیکن اس فلم کو دیکھنے والے بیٹ مین اور سپر مین کے مداحوں کی جانب سے اس فلم کافی سراہا جا رہا ہے

ہالی وڈ فلم ’بیٹ مین ورسز سپرمین: ڈان آف جسٹس‘ کی دنیا بھر میں ریلیز سے قبل ناقدین نے اس کے بارے میں ملی جلی رائے کا اظہار کیا ہے۔

گذشتہ ہفتے امریکہ میں اس کی پہلی سکرینگ دیکھنے والے مداحوں نے فلم کی کافی تعریف کی تھی۔

لیکن ناقدین کی اس فلم کے بارے میں رائے کوئی خاص مثبت نہیں ہے۔ اس فلم میں بین ایفلک بیٹ مین جبکہ ہینری کاول سپرمین کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

برطانیہ کے اخبار ٹائمز میں چھپنے والے فلم پر تبصرے کے مطابق اس میں سپیشل ایفکٹس کو ضرورت سے زیادہ استعمال کیا گیا ہے۔

دیگر بین الاقوامی اخبارات کی جانب سے بھی بیٹ مین ورسسز سپرمین کے رویویز میں فلم میں موجود کمزویوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور فلم کے طویل دورانیے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

سن اخبار کے بقول یہ فلم ’انتہائی طویل‘ ہے جبکہ گارڈین کے مطابق فلم میں ’ضرورت سے زیادہ ایکشن‘ ہے اور فلم کا دورانیہ ’غیر معمولی طور پر طویل ہے۔‘

بی بی سی نامہ نگار اور فلم ناقد مارک کیرموڈ کا کہنا ہے کہ انھیں یہ فلم دیکھ کر مایوسی ہوئی ہے۔

تاہم کچھ ناقدین نے فلم کو سراہا بھی ہے۔ برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ میں شائع ہونے والے رویو میں فلم کی تعریف کرتے ہوئے اسے ’آنکھیں کھول دینے والا شاہکار‘ قرار دیا گیا ہے۔

ناقدین اگرچہ اس فلم کے بارے مختلف آراء رکھتے ہیں لیکن اس فلم کو دیکھنے والے بیٹ مین اور سپر مین کے مداحوں کی جانب سے اس فلم کافی سراہا جا رہا ہے۔