’غیرت کے نام پر قتل، غیرت نہیں ایک سنگین جرم ہے‘

،تصویر کا ذریعہPID
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر کسی کو قتل کرنا غیرت نہیں بلکہ ایک سنگین جرم ہے۔
انھوں نے یہ بات وزیرِ اعظم ہاؤس میں آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے کی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم ’آ گرل ان دا ریور‘ کے پریمیئر کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔
سنہ 2012 میں دستاویزی فلم ’سیونگ فیس‘ کے لیے آسکر جیتنے والی شرمین کی یہ فلم بھی آسکرز کے لیے نامزد کی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہPID
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کو فلم کے پریمیئر کے موقع پر خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل اور اس جیسی دیگر روایات کو اسلام سمیت کسی بھی مذہب میں قابلِ قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں مردوں اور خواتین کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور حکومت ہر سطح پر خواتین سے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ شرمین عبید چنائے نے غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر فلم بنا کر ایک ایسے چیلنجنگ موضوع کا انتخاب کیا ہے جس نے معاشرے کے تاریک پہلوؤں پرروشنی ڈالی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’غیرت کے نام پر قتل، غیرت نہیں بلکہ سنگین جرم ہے اور اس قابل نفرت اقدام کے تدارک کے لیے موجودہ حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔



