رنبیر اور قطرینہ کا رشتہ ابھی وہاں نہیں پہنچا کہ والدین ملیں

قطرینہ کیف اور رنبیر کپور کی دوستی ایک عرصے سے جاری ہے

،تصویر کا ذریعہpr

،تصویر کا کیپشنقطرینہ کیف اور رنبیر کپور کی دوستی ایک عرصے سے جاری ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

بالی وڈ میں کبھی کبھی گپ شپ کا بازار اتنا گرم ہوتا ہے کہ لوگ ہر دھوئیں کو آگ سمجھنے لگتے ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ رنبیر کپور کی فیملی نے قطرینہ کے ساتھ ان کی شادی کی تاریخ طے کرنے کے لیے لندن میں قطرینہ کی والدہ سے ملاقات کی ہے۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/09/150912_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

تاہم کپور خاندان کے قریبی ذرائع نے اس خبر کو سراسر غلط قرار دیا اور کہا کہ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور یہ بھی کہ رنبیر اور قطرینہ کا رشتہ ابھی اس مقام پر نہیں پہنچا کہ والدین سے ملنے کی نوبت آئے۔

ذرائع کی مانیں تو رشی کپور ’ہاؤس فل تھری‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں لندن میں تھے۔

چلیں مان لیتے ہیں لیکن ان دونوں کے مداحوں کو اس خوش خبری کا بےصبری سے انتظار رہے گا۔

’سنگھ از بلنگ‘ میں سنی لیونی کی موجودگی!

فلم سنگھ از بلنگ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ سنی لیونی ٹائپ کی فلم نہیں ہے

،تصویر کا ذریعہBalaji Telefilms

،تصویر کا کیپشنفلم سنگھ از بلنگ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ سنی لیونی ٹائپ کی فلم نہیں ہے

سنی لیونی کا ذکر آتے ہی کچھ لوگوں کی بھویں تن جاتی ہیں تو کچھ لوگوں کی آنکھیں چمک اٹھتی ہیں جیسے اکشے کمار کی آنے والی فلم ’سنگھ از بلنگ‘ بنانے والے اس بات سے ناراض ہیں کہ اس فلم میں سنی کی موجودگی کی خبر میڈیا میں کیسے شائع ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ ’سنگھ از بلِنگ‘ سنی لیونی ٹائپ فلم نہیں بلکہ اکشے کی فلم ہے تو ایسے میں یہ پوچھا جا سکتا ہے کہ اگر فلم اکشے ٹائپ ہے تو سنی کی موجودگی کیا صرف پبلسٹی کے لیے ہے۔

ایک یہ ہیں اور ایک کرن جوہر ہیں جنھوں نے اپنی نئی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں رنبیر کپور کے ساتھ گرما گرم مناظر کے لیے سنی لیونی کو سائن کیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ فلم میں رنبیر کا ایک نیا روپ سامنے آئے گا۔ ایسے میں رنبیر کے نئے روپ اور سنی لیونی کی موجودگی سے شاید ان کی ڈوبتی نیّا کو پار لگانے میں مدد ملے۔

سلمان کو پروڈکشن میں جھٹکا لگ سکتا ہے؟

سلمان خان کی ہوم پروڈکشن ہیرو کے بارے میں اچھی خبریں نہیں ہیں
،تصویر کا کیپشنسلمان خان کی ہوم پروڈکشن ہیرو کے بارے میں اچھی خبریں نہیں ہیں

بظاہر یہ نظر آ رہا ہے کہ پروڈکشن کے میدان میں اترنے والے سلمان خان کو پہلی ہی بار میں جھٹکا لگنے والا ہے کیونکہ اپنے دوستوں کے بچوں عطیہ شیٹی اور سورج پنچولی کے ساتھ ان کی فلم ’ہیرو‘ ریلیز ہو چکی ہے اور اس کی رپورٹ کچھ اچھی نہیں۔

فلم کی سکرپٹ سے لے کر عطیہ اور سورج کی اداکاری پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

اب انڈسٹری کے ’دبنگ خان‘ یاروں کے یار کہے جاتے ہیں اور دوستی میں نفع نقصان کہاں دیکھتے ہیں۔

سلمان خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ہیروئن بھی پروڈیوسر کو ہٹ فلم دے تو انھیں بھی موٹی فیس دینے پر پروڈیوسرز کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

اب حال ہی میں اداکار انوپم کھیر نے اپنے ٹی وی شو پرمادھوری دکشت سے بات کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ ایک زمانے میں مادھوری کو ایک فلم کے لیے سلمان خان سے زیادہ رقم ادا کی گئی تھی۔

جب سلمان خان سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو انھوں نے قدرے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا انھیں نہیں لگتا کہ یہ سچ ہے۔

ویسے سلمان صاحب اتنے حیران ہونے کی ضرورت نہیں ایک بار آپ ہی نے کہا تھا کہ بالی وڈ میں جو چلتا ہے وہی بکتا ہے۔ آج آپ کا دور ہے تو کیا لیکن اُس زمانے میں انڈسٹری میں مادھوری ہی دکھائی بھی دیتی تھیں اور چلتی بھی تھیں۔

فین دیکھ کر شاہ رخ کو خود پر فخر

شاہ رخ خان اپنی فلم فین پر تو فریفتہ ہیں لیکن ناظرین کو یہ کتنی پسند آئے گی یہ بات فلم کی ریلیز پر ہی پتہ چل پائے گي
،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان اپنی فلم فین پر تو فریفتہ ہیں لیکن ناظرین کو یہ کتنی پسند آئے گی یہ بات فلم کی ریلیز پر ہی پتہ چل پائے گي

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے حال ہی میں منیش شرما کی فلم ’فین‘ مکمل کی ہے جس میں وہ گورو نام کے ایک فین کا کردار نبھا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی اپنی فلم ’فین‘ دیکھتے ہیں تو خود پر فخر کرتے ہیں۔

کیوں؟ یہ تو انھوں نے نہیں بتایا۔

بھئی خان صاحب سسپنس کیوں پیدا کر رہے ہیں ویسے آپ کے فینز کو اس فلم کا انتظار رہے گا۔