عبدالکلام کی موت پر بالی وڈ کا اظہار عقیدت

امیتابھ بچن کے علاوہ بالی وڈ کی بہت سی نامور شخصیتوں نے عبداکلام کی موت پر دکھ اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے
،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن کے علاوہ بالی وڈ کی بہت سی نامور شخصیتوں نے عبداکلام کی موت پر دکھ اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے

بھارت کے سابق صدر اور سائنسداں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی موت پر جہاں دنیا بھر سے تعزیتی پیغام آ رہے ہیں وہیں بالی وڈ کی نامور شخصیات نے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اداکار امیتابھ بچن نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’ایک بہترین فکر رکھنے والے، ننھے بچے کی طرح خواب دیکھنے والے، عام زندگی گزارنے والے، سب کے چہیتے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام نہیں رہے۔ میری دعائیں۔۔۔‘

موسیقار اے آر رحمان نے لکھا کہ جب وہ صدر بنے تو انھوں نے ’امید‘ کو ایک نیا نام دیا۔

لتا منگیشکر نے انھیں ’ایک اچھا انسان، ایک بڑا سائنسدان اور ایک اچھے شاعر‘ کے طور پر یاد کیا۔

شاہ رخ نے انھیں یاد کرتے ہوئے سب کے لیے سکون کی دعا مانگی
،تصویر کا کیپشنشاہ رخ نے انھیں یاد کرتے ہوئے سب کے لیے سکون کی دعا مانگی

وہیں بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’پہلے گرداس پور حملہ اور اب ڈاکٹر عبدالکلام کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ اللہ سب کو سکون دے۔‘

اداکار سلمان خان نے بھارت کے سابق صدر سے نہ مل پانے پر افسوس کا اظہار کیا۔

انھوں نے لکھا: ’اگر آپ کا دل کسی سے ملنے کی چاہت رکھتا ہے تو دیر نہ کریں۔ میری ہمیشہ کلام صاحب سے ملنے کی خواہش رہی۔ مجھے ہی کوشش کرنی چاہیے تھی، آخر نقصان میرا ہی ہوا۔‘

اداکار فرحان اختر نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’ہمارے ملک کی سب سے متاثر کن شخصیات میں سے ایک، سابق صدر ڈاکٹر عبدالکلام کے انتقال سے بہت دکھ ہوا۔ خدا انھیں اپنی رحمت میں لے۔‘

سلمان خان نے ان سے ملنے کی خواہش ادھوری رہ جانے کا اعتراف کیا

،تصویر کا ذریعہspice

،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے ان سے ملنے کی خواہش ادھوری رہ جانے کا اعتراف کیا

جبکہ انوپم کھیر نے ٹویٹ کیا: ’یہ صرف ہندوستان کا ہی نہیں، پوری دنیا کا نقصان ہے۔ میں ان خوش نصيبوں میں سے ہوں جنھیں ڈاکٹر کلام کے ہاتھوں پدم شری ایوارڈ ملا۔‘

ان کی موت پر اظہار عقیدت پیش کرنے والوں میں سری دیوی، گل پناگ، روینہ ٹنڈن، اجے دیوگن، ورون دھون وغیرہ شامل ہیں۔

ڈاکٹر کلام بھارت کے گيارھویں صدر تھے جو 2002 سے 2007 تک عہدۂ صدارت پر رہے۔ ان کا انتقال پیر کی شام شیلانگ میں ہوا۔ وہ وہاں انڈین مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں لیکچر دینے گئے تھے۔