اب بُلٹ پروف فیشن ملبوسات بھی برائے فروخت

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
یورپی ملک نیدرلینڈ میں ایک کمپنی نے بلٹ پروف فیشن ملبوسات کا پہلا سٹور کھولا ہے۔
نیدرلینڈ کے شہر آئنڈھون کے رہائشی اب نہ صرف اس سٹور سے بُلٹ پروف واسکٹ، کھال کی جیکٹیں، کوٹ پتلون بلکہ ٹائی بھی خرید سکیں گے۔
اؤروپ بریبنٹ ویب سائٹ کے مطابق سٹور میں کولمبیا کے ایک فیشن برانڈ کے تیار کردہ ملبوسات فروخت کیے جائیں گے۔
ویب سائٹ کے مطابق بلٹ پروف ملبوسات دیکھنے میں بالکل عام ملبوسات لگتے ہیں جس میں بُلٹ پروف ویسٹ یا بنیان کو ایک ٹی شرٹ کے نیچے بھی پہنا جا سکتا ہے۔
یہ ملبوسات خاص کر ان لوگوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں جو اپنی نوکری کے دوران خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ان میں جیولرز اور پیٹرول سٹیشن کا عملہ شامل ہے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق ان ملبوسات کا مقصد جرائم پیشہ افراد کو راغب کرنا نہیں ہے۔
کمپنی کے مطابق پیرس میں شدت پسندی کے حملے کے بعد سے اس کے ملبوسات میں لوگوں کی دلچپسی بڑھی ہے اور جنوری کے اس واقعے کے بعد سے اب تک 150 افراد ملبوسات کے بارے میں معلومات حاصل کر چکے ہیں۔
کمپنی کے سی ای او یاؤژ یلمیز کے مطابق:’ان ملبوسات کے خریداروں کے بارے میں کوئی خاص معلومات نہیں دے سکتے لیکن پیرس کے واقعے کے بعد بیلجیئم اور فرانس سے کئی لوگوں نے ان ملبوسات کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگر کوئی اپنے کپڑوں کی الماری میں ان بلٹ پروف ملبوسات کو دیکھنا چاہتا ہے تو اسے پہلے رقم جمع کرنے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے کیونکہ یہاں سب سے سستے لباس کی قمیت کم سے کم 18 سو ڈالر ہے۔







