’میں تو دل اور دماغ کی صفائی میں یقین رکھتا ہوں‘

شاہ رخ کے خیال میں بڑی شخصیات کے صاف بھارت مہم میں شامل ہونے سے لوگوں کو ایک اچھا پیغام ملےگا

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ کے خیال میں بڑی شخصیات کے صاف بھارت مہم میں شامل ہونے سے لوگوں کو ایک اچھا پیغام ملےگا

جہاں امیتابھ بچن، سچن تندولکر اور سلمان خان جیسے بڑے نام بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ’صاف بھارت‘ مشن سے وابستہ ہو چکے ہیں وہیں شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ وہ جہاں اس مہم کے حامی ہیں وہیں انھیں نمائش کے لیے جھاڑو لگانا کچھ عجیب سا لگتا ہے۔

’صاف بھارت‘ مہم کے دوران ان ستاروں نے جھاڑو ہاتھ میں لے کر اپنے گھر کے آس پاس کی صفائی کی اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شائع ہوئیں۔

بچوں کی تفریح سے منسلک ایک کمپنی کے پروگرام میں موجود شاہ رخ سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو وہ بولے، ’مجھے جھاڑو دینا ذرا عجیب سا لگتا ہے، خاص طور پر دستانے پہن کر جھاڑو لگانا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں تو دل اور دماغ کی صفائی میں یقین رکھتا ہوں۔ میرا دل صاف ہے، بس تھوڑی زبان صاف کرنی ہے۔ ایک دن سب صاف کر دوں گا۔‘

فلمی ستاروں نے جھاڑو ہاتھ میں لے کر صفائی کی اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شائع ہوئیں

،تصویر کا ذریعہAMITABH BACHCHAN TWITTER PAGE

،تصویر کا کیپشنفلمی ستاروں نے جھاڑو ہاتھ میں لے کر صفائی کی اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شائع ہوئیں

تاہم انھوں نے ’صاف بھارت‘ مہم کی تعریف کی اور کہا کہ بڑی شخصیات کے اس میں شامل ہونے سے لوگوں کو ایک اچھا پیغام ملےگا۔

اسی تقریب میں شاہ رخ سے ان کی فلم ہیپی نیو ایئر کے بارے میں جیا بچن کے تنقیدی بیان اور پھر مبینہ طور پر ان کے شوہر امیتابھ بچن کی شاہ رخ خان سے معذرت کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔

اس پر شاہ رخ نے کہا کہ انہیں اس معاملے پر کسی سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا، ’میں جیا جی سے بالکل ناراض نہیں ہوں۔ وہ مجھ سے سینیئر ہیں۔ مجھے ان پر غصہ کرنے کا کوئی حق نہیں۔‘