پریتی زنٹا کا نیس واڈیا پر دست درازی کا مقدمہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور آئی پی ایل کی ایک ٹیم کنگز الیون پنجاب کی مالکان میں سے ایک پریتی زنٹا نے معروف صنعت کار نیس واڈیا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔
انھوں نے اپنے سابق بوائے فرینڈ نیس واڈیا پر الزام لگایا ہے کہ انھوں نے جنوبی ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، گالی گلوچ کیا اور انھیں ڈرایا دھمکایا جبکہ نیس واڈیا نے اس سے انکار کیا ہے۔
ممبئی پولیس نے 39 سالہ اداکارہ کی شکایات آئی پی سی کی دفعات 354 ، 504، 506 اور 509 کے تحت درج کیا ہے۔
یہ معاملہ ممبئی کے میرین لائن پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں سینئر وکیل انوپ بھٹناگر کے مطابق خواتین کی پاکیزگی کی پامالی کی کوشش میں آئی پی سی کی دفعہ 354 لگائی جاتی ہے۔ انوپ بھٹناگر کا کہنا ہے کہ ’پاکیزگی کی پامالی‘ کی تعریف بہت وسیع ہے۔
ان کے مطابق: ’ہاتھ پکڑنے اور معمولی چھیڑ چھاڑ سے لے کر گالی گلوچ تک کو اس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح کے معاملات میں ضمانت مکمل طور پر جج کی ایما پر منحصر ہے۔ دہلی گینگ ریپ کیس کے بعد خواتین کے متعلق قوانین میں کی جانے والی ترامیم کے تحت اب اس میں پانچ سال تک کی سزا دی جا سکتی ہے۔‘

پریتی زنٹا کے الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نیس واڈیا نے کہا ہے: ’میں شکایت پر حیران ہوں اور مجھ پر لگائے جانے والے الزامات مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط ہیں۔‘
دریں اثنا پریتی زنٹا نے ایک بیان میں لوگوں سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔ پریتی نے اپنے بیان میں کہا ہے: ’یہ میرے لیے ایک مشکل وقت ہے۔ میں کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی ہوں۔ صرف اپنی حفاظت کا خیال رکھتے ہوئے میں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ واقعہ سیاسی رنگ اختیار کرتا جا رہا ہے۔ مہاراشٹر میں حکمراں اتحاد کی ایک پارٹی این سی پی کی خواتین ونگ کی صدر چترا واگا میرین لائن پولیس سٹیشن گئیں اور پولیس سے اس معاملے میں جلد کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔
انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیس واڈیا نے پریتی زنٹا کوجان سے مارنے کی دھمکی دی ہے جو سنگین معاملہ ہے اور اس پر جلد کارروائی ہونی چاہیے۔
میرین لائن پولیس سٹیشن میں موجود سب انسپکٹر روکڑے نے ممبئی میں موجود صحافی مدھو پال کو بتایا کہ پریتی زنٹا رات 12 بجے کے بعد اپنے ڈرائیور کے ہمراہ پولیس سٹیشن آئی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہPTI
پریتی زنٹا کی شکایت کے مطابق ان کے ساتھ یہ واقعہ 30 مئی 2014 کو چنئی سپر کنگز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان ہونے والے ایک میچ کے دوران پیش آیا تھا۔
واضح رہے کہ 44 سالہ نیس واڈیا پریٹی زنٹا کے ساتھ آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے مشترکہ مالک ہیں اور دونوں کو ایک عرصے تک انتہائی قریبی دوستوں کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پریتی زنٹا کی تحریری شکایت پر یہ معاملہ درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب معروف اخبار دا ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نیس واڈیا نے اس ایف آئی آر پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں افسوس ہے کہ پریتی زنٹا ’اس حد تک گر سکتی ہیں۔‘
پریتی زنٹا نے پولیس کے سامنے اپنی شکایات میں کہا ہے کہ ان کے رشتے ٹوٹنے کے بعد بھی نیس واڈیا انھیں پریشان کر رہے ہیں۔







