’مودی سے ذاتی تعلقات ہیں، کانگریس کا ووٹر ہوں‘

سلیم خان نے جاوید اختر کے ساتھ مل کر کئی کامیاب فلموں کے سکرپٹ لکھے جن میں مشہورِ زمانہ فلم شعلے شامل ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسلیم خان نے جاوید اختر کے ساتھ مل کر کئی کامیاب فلموں کے سکرپٹ لکھے جن میں مشہورِ زمانہ فلم شعلے شامل ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے والد اور سکرپٹ رائٹر سلیم خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی سے ان کے ذاتی تعلقات ہیں لیکن وہ ہمیشہ کانگریس کو ووٹ دیتے رہے ہیں۔

سلیم نے بدھ کو نریندر مودی کی آفیشل ویب سائٹ کے اردو ورژن کا افتتاح کیا تاہم انھوں نے بی جے پی کی حمایت سے انکار کیا ہے۔

سلیم خان نے میڈیا سے کہا: ’نریندر مودی سے میرے ذاتی تعلقات ہیں جبکہ اردو سے محبت ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’مجھ پر پہلے بھی کئی بار یہ الزام لگائے گئے ہیں کہ میں نریندر مودی کی تشہیر کر رہا ہوں لیکن ان کی پارٹی بی جے پی سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔‘

مودی کی اردو سائٹ کے افتتاح پر سلیم کی تنقید ہو رہی ہے تاہم اداکار منوج کمار نے سلیم خان کا دفاع کیا ہے۔

سلیم خان نے بی جے پی کے ساتھ اپنے رشتوں کے بارے میں کہا: ’میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ میں کانگریس کا وفادار ووٹر ہوں، میں جب بھی ووٹ دیتا ہوں کانگریس ہی کو دیتا ہوں۔ البتہ ادھر کانگریس سے تھوڑا مایوس ہوا ہوں۔ لیکن پھر بھی کوئی اچھا امیدوار ہوا تو میں اسی کو اپنا ووٹ دوں گا۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’بی جے پی میں میرے کئی دوست ہیں۔ جسونت سنگھ اور شتروگھن سنہا سے میرے بہت اچھے مراسم ہیں۔ مجھے لوگوں سے بات کرنے یا ان کے ساتھ راہ رسم رکھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔‘

انھوں نے سیاست میں اپنی دلچسپی کے بارے میں کہا: ’مجھے کئی بار سیٹ کی پیشکش کی گئي، الیکشن لڑنے کے لیے کہا گیا۔ راجیہ سبھا سیٹ کی پیشکش کی گئي۔۔۔ لیکن میں نہیں گيا۔ مجھے سیاست میں کوئی دلچسپی ہی نہیں۔‘

بھارت میں عام انتخابات 2014 شروع ہو چکے ہیں، ہر طرف انتخابات کا ماحول ہے۔ ایسے میں اردو ویب سائٹ لانچ کرنے کا مقصد کیا ہے؟

اس کے جواب میں سلیم کہتے ہیں: ’اچھی بات کبھی بھی ہو، اس کا وقت نہیں دیکھنا چاہیے۔ اردو کے لیے یہ اچھی بات ہے۔ میں اس کا استقبال کرتا ہوں۔ مجھے اردو کو بچائے رکھنے میں دلچسپی ہے ۔ یہ آج ہوتا یا اگلے انتخابات میں، اس سے مجھے کوئی مطلب نہیں۔‘

منوج کمار اپنی فلموں میں حب الوطنی کے جذبے کو پیش کرنے کے لیے یاد کیے جاتے ہیں
،تصویر کا کیپشنمنوج کمار اپنی فلموں میں حب الوطنی کے جذبے کو پیش کرنے کے لیے یاد کیے جاتے ہیں

منوج کمار نے سلیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سلیم خان نے جو قدم اٹھایا ہے وہ بہترین ہے اور ان سے دوسروں کو سبق لینا چاہیے۔

انتخابی ماحول میں اردو کو اتنی اہمیت کیوں؟ اس کے جواب میں اداکار منوج کمار نے کہا: ’سوال ہے، اہمیت کیوں نہیں؟ سوال یہ بھی ہے کہ اپنی چیز کو غیر کیوں سمجھا جا رہا ہے؟‘

منوج کمار نے کہا: ’اردو ہندوستان میں پیدا ہوئی، وہ یہیں پروان چڑھی۔ انسائکلوپیڈیا کے مطابق اس میں سات فیصد سنسکرت کے الفاظ ہیں۔ بدقسمتی سے ہندوؤں نے یہ سمجھ لیا کہ یہ زبان مسلمانوں کی ہے۔ نہیں، یہ زبان ہندوستانیوں کی ہے۔‘

وہ کہتے ہیں: ’ہر زبان کا اپنا رنگ روپ ہوتا ہے۔ اردو میں جو مٹھاس ہے ، جو تازگی ہے، میرے خیال سے کسی اور زبان میں نہیں ہے۔‘