عمر اکمل کے وارنٹ گرفتاری جاری

عمر اکمل کو لاہور کے علاقے گلبرگ کی فردوس مارکیٹ میں ٹریفک سنگل توڑنے اور وارڈن سے دست درازی پر حراست میں لیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنعمر اکمل کو لاہور کے علاقے گلبرگ کی فردوس مارکیٹ میں ٹریفک سنگل توڑنے اور وارڈن سے دست درازی پر حراست میں لیا گیا تھا
    • مصنف, مناء رانا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر عمر اکمل کے لاہور کی ایک مقامی عدالت کے جج امتیاز انور نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

عمر اکمل کے خلاف جمعرات کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور ٹریفک وارڈن سے جھگڑے پر مقامی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔

عمر اکمل آج کل ایشیا کپ کے سلسلے میں بنگلہ دیش میں ہیں اور انھوں نے جمعرات کو افعانستان کے خلاف جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 89 گیندوں پر 102 رنز بنائے۔

ٹریفک وارڈن کیس میں عدالت نے عمر اکمل کو طلب کیا تھا چونکہ وہ ملک میں موجود نہیں لہذا عدالت نے انھیں 11 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

ایشیا کپ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم آٹھ مارچ کو واپس آئے گی اور دس مارچ کو دوبارہ بنگہ دیش میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے روانہ ہو گی۔

عمر اکمل ٹی ٹونٹی ٹیم کا بھی حصہ ہیں اس لیے 11 مارچ کی سماعت میں بھی ان کی عدالت میں حاضری کا امکان نہیں ہے۔

خیال رہے کہ عمر اکمل کو یکم فروری کو لاہور کے علاقے گلبرگ کی فردوس مارکیٹ میں ٹریفک سنگل توڑنے اور وارڈن سے دست درازی پر حراست میں لیا گیا تھا اور ایک رات حراست میں رہنے کے بعد انھیں ایک لاکھ روپے کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

عمر اکمل اپنے خلاف ان الزامات کی تردید کرتے ہیں اورو ان کے مطابق ٹریفک وارڈن نے ان پر تشدد کیا تھا۔