ٹریفک وارڈن سے جھگڑا، کرکٹر عمر اکمل پر مقدمہ

،تصویر کا ذریعہAP
لاہور میں پولیس نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے رکن عمر اکمل پر ٹریفک وارڈن سے جھگڑنے اور وردی پھاڑنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
یہ واقعہ سنیچر کو لاہور کے علاقے گلبرگ میں فردوس مارکیٹ کے قریب پیش آیا تھا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ عمر اکمل مقررہ حد سے زیاد تیز رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے اور انھوں نے سگنل کی خلاف ورزی بھی کی۔
پولیس کے مطابق روکے جانے پر جب وارڈن نے ان سے کاغذات طلب کیے تو انھوں نے اس سے بدکلامی اور ہاتھاپائی کی جس سے اس کی وردی بھی پھٹ گئی۔
اس واقعے کے بعد عمر اکمل کو قریبی تھانے لے جایا گیا جہاں معاملے کی ابتدائی تفتیش کی گئی۔
اس تفتیش کے بعد لاہور پولیس کے اے ایس پی زاہد نواز نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پاکستانی کرکٹر پر کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کی وردی پھاڑنے کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
انھوں نے کہا اس معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی ہوگی اور عمر اکمل کو مقدمے کے اندراج کے بعد حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
اے ایس پی کا کہنا تھا کہ اگرچہ عمر اکمل نے دعویٰ کیا کہ وارڈن نے انھیں قمیض کے کالر سے پکڑا اور ان سے بدتمیزی کی لیکن بظاہر ان کا یہ دعویٰ صحیح نہیں لگتا۔



