عمراکمل فٹ قرار دے دیے گئے

پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کو نیورو لوجسٹ ڈاکٹر نادرعلی سید نے تفصیلی طبی معائنے کے بعد کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
ڈاکٹر نادر علی سید کا کہنا ہےکہ عمراکمل کو مرگی کا دورہ نیند نہ ہونے کے سبب پڑا تھا تاہم اب انہیں مزید میڈیکل ٹیسٹ اور علاج معالجے کی ضرورت نہیں ہے البتہ انہیں چھ سے سات گھنٹے کی نیند کا خیال رکھنا ہوگا۔
عمراکمل فٹ قرار دیے جانے کے بعد اب ٹیم سلیکشن کے لئے دستیاب ہونگے۔
عمراکمل پر مرگی کا دورہ کیریبئن لیگ میں پرواز کے دوران پڑا تھا اور انہیں ایک رات ہسپتال میں گزارنی پڑی تھی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں وطن واپس بلالیا تھا۔
یہ معاملہ اسوقت متنازعہ صورت اختیار کرگیا جب عمراکمل اور پاکستان کرکٹ بورڈ متضاد موقف کے ساتھ سامنے آئے تھے۔عمراکمل خود کو فٹ قرار دینے پر بضد تھے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں ان فٹ قرار دیتے ہوئے زمبابوے کے دورے کے لئے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم میں ان کی جگہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کوشامل کرلیا۔
عمراکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگراں چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کی تھی جنہوں نے انہیں اس بات پر قائل کیا تھا کہ اپنی صحت اور کریئر کو اہم سمجھتے ہوئے انہیں کسی ماہر نیورولوجسٹ سے اپنا طبی معائنہ اور سکین کرانا چاہئے ۔
عمراکمل نے ویسٹ انڈیز کے دورے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور پانچ ون ڈ ے میچوں میں33.58 کی اوسط سے175 رنز بنائے تھے تاہم کیریبئن لیگ میں ان کی پرفارمنس مایوس کن رہی اور وہ چھ میچز میں صرف 49رنز بنا پائے۔
23سالہ عمراکمل سولہ ٹیسٹ میں ایک ہزار تین رنز بناچکے ہیں۔ چھہتر ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد دو ہزار ایک سو چھہتر ہے جبکہ پنتالیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے نو سو انتیس رنز اسکور کررکھے ہیں۔



