پونم پانڈے کی ویب سائٹ کس نے ہیک کی؟

گذشتہ جولائی میں پونم پانڈے کی فلم ’نشہ‘ ریلیز ہوئی تھی

،تصویر کا ذریعہNasha

،تصویر کا کیپشنگذشتہ جولائی میں پونم پانڈے کی فلم ’نشہ‘ ریلیز ہوئی تھی

بھارتی بولڈ اداکارہ اور ماڈل پونم پانڈے کی ویب سائٹ ہیک ہوگئی ہے۔ اپنی برہنہ تصویریں پوسٹ کر کے سرخیوں میں آنے والی پونم پانڈے نے میڈیا کو بذات خود یہ اطلاع دی ہے۔

پونم پانڈے کے مطابق ان کی ویب سائٹ پر پاکستان کی حمایت میں چند نعرے لکھے ہوئے تھے اور اس میں ’کشمیر کی آزادی‘ کے حق میں باتیں لکھی گئی تھیں۔

پونم پانڈے نے سائبر کرائم سیل میں ہیکنگ کے اس مبینہ معاملے کی رپورٹ کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی ٹیم ویب سائٹ کو بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

گذشتہ جولائی میں ان کی فلم ’نشہ‘ ریلیز ہوئی تھی جس کے بارے میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے مداحوں کے سامنے اتنا کچھ پیش کریں گي کہ وہ سینما ہال سے مایوس نہیں لوٹیں گے۔

یاد رہے کہ سنہ 2011 سے قبل پونم پانڈے کا نام بہت کم لوگوں نے سنا تھا لیکن ان کے ایک اعلان نے انھیں شہ سرخیوں میں پہنچا دیا۔ انھوں نے کہا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ جیت جاتی ہے تو وہ برہنہ فوٹو شوٹ کرائيں گی۔ انھوں نے کولکتہ نائٹ رائڈرز کی جیت پر بھی اپنی برہنہ تصویر پوسٹ کی تھی۔

پاکستان میں بھارتی فلموں کی دھوم

عامر خان کی فلم ’دھوم 3‘ نے پاکستان میں ریکارڈ کمائی کی، جو آج تک کوئی پاکستانی فلم بھی نہیں کر سکی

،تصویر کا ذریعہYashraj Films

،تصویر کا کیپشنعامر خان کی فلم ’دھوم 3‘ نے پاکستان میں ریکارڈ کمائی کی، جو آج تک کوئی پاکستانی فلم بھی نہیں کر سکی

سنہ 2013 میں بالی وڈ کی 16 فلمیں پاکستان میں ریلیز ہوئیں اور ان میں سے بیشتر نے وہاں بہت اچھا کاروبار کیا۔

کئی برسوں کی پابندی کے بعد گذشتہ سال ہی پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش سے پابندی ہٹائی گئی تھی اور یہ فلمیں وہاں کی فلم صنعت اور سنیما گھروں کے مالکان کے لیے منافعے کا سودا ثابت ہو رہی ہیں۔

بالی وڈ فلموں سے اچھی کمائی کی وجہ سے پاکستان میں کئی نئے سینما گھروں کی تعمیر بھی ہو رہی ہے۔

عامر خان کی فلم ’دھوم 3‘ نے پاکستان میں ریکارڈ کمائی کی۔ وہاں یہ 56 سکرین پر ریلیز ہوئی۔ ’دھوم 3‘ نے پہلے دن دو کروڑ روپے کمائے۔ اطلاعات کے مطابق ابھی تک کسی پاکستانی فلم نے بھی وہاں اتنی کمائي نہیں کی ہے۔

اس کے علاوہ ’گولیوں کی راس ليلا رام لیلا،‘ ’عاشقي 2‘ اور ’چینّئی ایکسپریس‘ نے بھی پاکستان میں خوب روپے بٹورے ہیں۔

تاہم بعض پاکستانی فلم سازوں کا خیال ہے کہ بھارتی فلمیں جتنے بڑے بجٹ میں بنتی ہیں وہ ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور بالی وڈ فلمیں پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے خطرہ ثابت ہو رہی ہیں۔