وینا ملک نے دبئی میں گھر بسا لیا

خود کو دنیا کی سب سے خوش قسمت لڑکی تصور کر رہی ہوں: وینا ملک
،تصویر کا کیپشنخود کو دنیا کی سب سے خوش قسمت لڑکی تصور کر رہی ہوں: وینا ملک

بے باک اداکاری کے لیے شہرت رکھنے والی پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے دبئی میں ایک پاکستانی کاروباری شخصیت سے شادی کر لی ہے۔

اس شادی کی تصدیق انھوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کی۔

وینا نے اپنے شوہر کے ساتھ شادی کی انگوٹھیوں کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے اپنا ’سول میٹ‘ یا ساتھی مل گیا ہے جو کہ میرا پارٹنر بھی ہے اور دوست بھی۔

پاکستان کے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وینا نے بتایا کہ یہ شادی پچیس دسمبر کو دبئی کی ایک عدالت میں سرانجام پائی ہے اور ان کے شوہر اسد بشیر خان ایک کاروباری شخصیت ہیں اور ان کے والد کے دوست کے بیٹے ہیں۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ یہ شادی دونوں خاندانوں کی مرضی سے سرانجام پائی ہے۔

وینا کا نام بھارتی اداکار اشمت پٹیل کے ساتھ بھی لیا جاتا رہا
،تصویر کا کیپشنوینا کا نام بھارتی اداکار اشمت پٹیل کے ساتھ بھی لیا جاتا رہا

انھوں نے کہا کہ اس موقع پر وہ خود کو دنیا کی سب سے خوش قسمت لڑکی تصور کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ وینا ملک کا نام ماضی میں پاکستانی کرکٹر محمد آصف اور بھارتی اداکار اشمت پٹیل کے ساتھ بھی لیا جاتا رہا ہے لیکن وہ کہتی رہی تھیں کہ فی الحال ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔

وینا ملک اپنے مبینہ ’افیئرز‘ کے علاوہ بھارتی فلموں اور ٹی وی پروگرام میں اپنی بےباک اداکاری اور ایک میگزین کے لیے عریاں فوٹو شوٹ کی وجہ سے بھی خبروں میں رہی ہیں۔

جب دسمبر 2011 میں یہ تصویر پہلی بار شا‏ئع ہوئی تھی تو وینا ملک نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی تصویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے اسے شائع کیا گیا ہے اور انہوں نے خود ایسی تصویر نہیں بنوائی۔

اس سے قبل انہوں نے سنہ 2010 میں بھارت کے ایک ریئیلٹی شو بِگ باس میں شرکت کر کے پاکستان کے روایت پسند حلقوں کو برہم کر دیا تھا۔