لندن میں عید مستی، پاکستانی فنکاروں کو خوب پذیرائی ملی

- مصنف, عتیقہ چوہدری
- عہدہ, بی بی سی رپورٹر، لندن
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں اتوار کو عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے عید مستی کے نام سے کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
منتظمین کے مطابق عید الفطر کے بعد عیدالاضحیٰ کے موقعے پر اس کنسرٹ کے ذریعے لوگوں ایک جگہ اکٹھا کر خوشی منانے کا اچھا موقع تھا۔
اس کنسرٹ کا مقصد صرف عید کی خوشیاں منانا نہیں تھا بلکہ ترقی پذیر ممالک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’انٹرنیشنل لرننگ موومنٹ‘ یعنی آئی ایل ایم کے لیے مالی وسائل کا انتطام کرنا بھی تھا۔
لندن کے ویمبلے ایرینا میں منعقدہ اس کنسرٹ کا آغاز پاکستانی نژاد برطانوی گٹارسٹ حسنین لاہوری کی پرفارمنس سے ہوا۔
حسنین لاہوری کو مقبولیت راحت فتح علی کے گانے گا کر اور انہیں ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یو ٹیوب پر جاری کرنے سے ملی۔ یوٹیوب پر ان کا ایک گانا 35 لاکھ بار دیکھا گیا ہے۔
حسنین لاہوری نہ صرف عمدہ گٹارسٹ ہیں بلکہ ان کی آواز بھی متاثر کن ہے۔

کنسرٹ میں ’روگ بوائے‘ کے نام سے مشہور فنکار فلک شبیر نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ فلک شبیر ہندوستانی فلم انڈسٹری بالی وڈ میں پلے بیک سنگر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
فلک شبیر 27 دسمبر کو اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک سنگلز البم جاری کر رہے ہیں اور ان کے بقول ان کی دوسری البم میں شائقین کے لیے ایک سرپرائز بھی ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’کامیڈی کنگ‘ عمر شریف نے اپنی صلاحیتوں کا خوب مظاہرہ کیا۔عمر شریف خود بھی امدادی پروگراموں میں خاصی دلچپسی لیتے ہیں اور عید مستی جیسے پروگرام گذشتہ 30 سال سے کر رہے ہیں۔
کلاسیکل گلوکارہ شفقت امانت علی خان کی پرفارمنس نے حاضرین سے خوب داد وصول کی اور خود شفقت امانت کے بقول وہ اس پروگرام سے بے حد لطف اندوز ہوئے۔
شفقت امانت علی خان نے شاہ رخ خان کی فلم را ون کا گانا ’تیرے نینا‘ اور کبھی الوداع نہ کہنا کا گانا ’متوا‘ بھی گایا۔ وہ اپنی پرفارمنس کے دوران حاضرین سے اصرار کرتے رہے کہ وہ بھی ان کے ساتھ مکل کر گائیں اور اس پر انہیں خوب پذیرائی ملی۔
شفقت امانت علی کے بقول انہیں منفی خبریں دیکھنا پسند نہیں ہے اور خود کو پرسکون کرنے کے لیے مزاحیہ ڈرامے دیکھتے ہیں۔
شفقت امانت علی کے مطابق’ہماری امن کی امیدوں میں سے ایک امید موسیقی ہے۔‘

گلوکار، ماڈل اور اداکاری کے شعبے سے وابستہ فواد افضل خان نے 18 سال بعد لندن میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ انہیں 2007 میں بننے والی مقبول پاکستانی فلم ’خدا کے لیے‘ سے شہرت حاصل ہوئی۔انہوں نے حال ہی میں ایک فلم’وار‘ تیار کی ہے جس کی نمائش جاری ہے۔

کنسرٹ کی خاص بات پنجابی گانوں سے شہرت حاصل کرنے والے فن کار ابرار الحق کی پرفارمنس تھی اور عید مستی میں ان کے مشہور گانے’نچ پنجابن‘ نے محفل لوٹ لی۔ابرار الحق نے بھنگڑا گانوں کے علاوہ صوفیانہ گانے بھی سنائے۔
اس شو کی منتظم ناز کے بقول اس شو کے نتائج بہت مثبت رہے اور اس میں عام پاکستانی شریک ہوئے جنہوں نے شدت پسندوں کو مسترد کیا ہے۔
شو سے آئی ایل ایم نے 50 ہزار برطانوی پاؤنڈ کی امدادی رقم اکٹھی کی۔
محفل کے دوران جہاں منتظین مطمئن تھے، وہیں حاضرین بھی اپنے پسندیدہ فنکاروں کو دیکھ کر بہت خوش تھے۔ شرکت کرنے والے ایک شخص کے مطابق ’جب ہم اس طرح سے اکٹھے ہوتے ہیں تو اس میں کوئی بھی خاص نہیں ہوتا، کوئی بھی آ سکتا ہے اور شامل ہو سکتا ہے اور سب برابر ہوتے ہیں، مجھے معلوم ہے کہ سب خوب لطف اندوز ہوئے۔‘







