شاہ رخ بمقابلہ اکشے کمار

شادی کی تیاریوں میں مصروف قطرینہ کیف

قطرینہ گزشتہ دنوں رنبیر کپور کے ساتھ نظر آنے کے سبب سرخیوں میں تھیں
،تصویر کا کیپشنقطرینہ گزشتہ دنوں رنبیر کپور کے ساتھ نظر آنے کے سبب سرخیوں میں تھیں

گزشتہ دنوں رنبیر کپور کے ساتھ سپین میں چھٹیاں منانے کے بعد اب قطرینہ کیف اپنی چھوٹی بہن نتاشا کی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہیں۔

اس موقعے سے ان کا پورا خاندان لندن سے آکر ممبئی میں مقیم ہے۔

قطرینہ کے تمام اہل خانہ شادی کی خریداری میں مصروف ہیں۔ قطرینہ اپنی بہن نتاشا کی شادی کے جوڑے کے سلسلے میں فیشن کی دنیا کے نامور ڈیزائنرز سے مل رہی ہیں۔

ایسے میں بعض لوگ قطرینہ کی شادی کے بارے میں بھی یقیناً سوچ رہے ہونگے۔

شاہ رخ بمقابلہ اکشے کمار: کون مارے گا بازی؟

‎شاہ رخ اور اکشے کمار کی اپنی اپنی فین فالونگ ہے
،تصویر کا کیپشن‎شاہ رخ اور اکشے کمار کی اپنی اپنی فین فالونگ ہے

جمعے کو اکشے کمار کی فلم ’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی اگین‘ ریلیز ہوئی۔ باکس آفس پر اب اس کی سیدھی ٹکر ہے شاہ رخ خان کی فلم چنئی ایکسپریس سے۔

اگرچہ اسے ریلیز ہوئے ایک ہفتہ ہو چکا ہے لیکن باکس آفس پر یہ اب بھی سرپٹ دوڑ رہی ہے اور نئے ریکارڈز بنا رہی ہے۔ اکشے کی فلم کہیں بازی نہ مار لے اس لیے شاہ رخ ریلیز کے بعد بھی فلم کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ وہ 15 اگست کو بھی ممبئی کے تمام ملٹی پلیكسز میں گھوم گھوم کر فلم کا پروموشن کرنے میں لگے ہوئے تھے۔

فلمی کاروبار کے ماہرین کے مطابق 15 اگست کو’چنئی ایکسپریس‘ کا کاروبار تقریبا 18 کروڑ روپے تھا جبکہ ’ونس اپان اے ٹائم‘ نے محض 10 کروڑ روپے ہی کمائے۔

حالانکہ اکشے کی فلم جمعرات کو صرف ملٹی پلكسز میں ہی ریلیز ہوئی تھی جمعہ کو یہ اور زیادہ سینما ہالز میں ریلیز ہوگی۔ تب پتہ چلے گا کہ شاہ رخ اور اکشے میں پلڑا کس کا بھاری ہے۔

سلمان نے کی اگلی عید کی بکنگ

ماضی میں بھی سلمان خان کی کئی فلمیں عید کے موقعے پر ہی ریلیز ہوئیں
،تصویر کا کیپشنماضی میں بھی سلمان خان کی کئی فلمیں عید کے موقعے پر ہی ریلیز ہوئیں

سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم ’کک‘ کے لیے اگلے سال عید کی بکنگ کر لی ہے۔ یعنی ان کی فلم ’کک‘ سال 2014 میں عید پر 27 جولائی کو ریلیز ہوگی۔

عام طور پر سلمان کی فلمیں عید کے موقع پر ریلیز ہوتی آئی ہیں لیکن اس سال شاہ رخ خان کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ اس موقع پر ریلیز ہوئی جس نے ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کی۔

’کک‘ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ ساجد ناڈياڈوالا کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ہے۔

اس سے قبل عید کے موقعے سے سلمان کی دوسری فلمیں ’وانٹیڈ‘، ’دبنگ‘ اور ’باڈی گارڈ‘ ریلیز ہو چکی ہیں جنہوں نے زبردست کامیابی حاصل کی۔