رتیک روشن کے دماغ کا کامیاب آپریشن

بھارت کے مشہور اداکار رتیک روشن کے دماغ میں جمنے والا دو ماہ پرانا خون ممبئی کے ایک ہسپتال میں کامیاب آپریشن کر کے نکال دیا گیا۔
بالی وڈ کے معروف اداکار رتیک روشن کے سر میں فلم ’بینگ بینگ‘ کی شوٹنگ کے دوران کرتب کرتے ہوئے چوٹ آئی تھی۔
رتیک کا علاج کرنے والے ڈاکٹر وی کے مشرا نے بتایا ’انھیں چوٹ لگنے کے بعد کچھ عرصے سے سر میں درد کی شکایت تھی تاہم وہ درد کش گولیاں لیتے رہے مگر درد ٹھیک نہیں ہوا. مئی کے آخر میں سی ٹی سکین کروانے پر اس جمے ہوئے خون کا پتہ چلا‘ ۔
ڈاکٹر مشرا نے بتایا کہ کچھ دنوں بعد رتیک روشن کو ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ رتیک پوری طرح ہوش میں ہیں تاہم انھیں چار ہفتے کے لیے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور اس کے بعد وہ پھر سے شوٹنگ جاری رکھ سکیں گے۔
رتیک کے والد بھارت کے مشہور اداکار اور ہدایت کار راکیش روشن نے بی بی سی ہندی سے بات چیت میں بتایا کہ رتیک کے دماغ میں جمنے والا خون ان کے دماغ اور کھوپڑی کے درمیان تھا.
انھوں نے بتایا کہ رتیک کا آپریشن اتوار کو دوپہر تقریبا تین بجے ہوا اور اس میں تقریبا 55 منٹ کا وقت لگا۔
راکیش روشن نے کہا کہ اگلے 48 گھنٹوں تک رتیک ہسپتال میں رہیں گے اور اس کے بعد انھیں گھر لے جایا جا سکے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







