شادی ٹوٹ چکی ہے: روپرٹ مرڈوک

میڈیا کمپنی نیوز کارپوریشن کے مالک اور معروف میڈیا مغل روپرٹ مرڈوک نے اپنی تیسری بیوی وینڈی ڈینگ سے طلاق لینے کے لیے دعویٰ دائر کیا ہے۔
مرڈوک کے ترجمان سٹیون روبنسٹین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کوبتاتے ہوئے کہا ’ہاں میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ انھوں نے آج صبح نیویارک ریاست کی سپریم کورٹ میں دڑحواست دی ہے۔‘
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی شادی ٹوٹ چکی ہے اور اس کو از سر نو بحال کرنے کی کوئی امید بھی نہیں ہے۔
مرڈوک اور وینڈی کی شادی 1999 میں نیویارک میں ہوئی تھی۔ ان کی دو بچیاں گریس اور کلو ہیں۔
مرڈوک کی اہلیہ وینڈی سنہ 2011 میں اس وقت سرخیوں میں آئی تھیں جب فون ہیکنگ معاملے پر سماعت کے دوران ایک شخص نے مرڈوک پر حملے کی کوشش کی اور وینڈی نے جھپٹ کر اپنے شوہر کو اس حملے سے بچایا تھا۔
82 سالہ مرڈوک کی وینڈی سے ملاقات 1997 میں ہوئی تھی اور اس کے دو سال بعد دونوں نے شادی کر لی۔ چینی نسل کی وینڈی ڈینگ مرڈوک کی تیسری بیوی ہیں۔

نیو یارک ٹائمز کی میڈیا رپورٹر ایمی چوزك نے ٹویٹ کرکے بتایا ہے کہ ’طلاق کے لیے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کی شادی کے رشتے میں ایسی دراڑ آ گئی ہے جسے بھرا نہیں جا سکتا۔‘
ہمارے نامہ نگار رابرٹ پیسٹن کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی پیسوں پر سمجھوتہ ہو گیا تھا اور ان کے بچوں کے بھی حصے بھی طے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس لیے ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اس طلاق سے میڈیا کی بادشاہت پر مرڈوک کی گرفت کمزور نہیں ہوگی۔
فوربز نے روپرٹ مرڈوک کی دولت کا تخمینہ نو اعشاریہ چار ارب امریکی ڈالر لگایا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل طلاق کے وقت مرڈوک کو 1.7 ارب ڈالر کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑی تھی۔
44 سالہ ڈینگ عمر میں روپرٹ سے 38 سال چھوٹی ہیں۔ انہوں نے ییل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ بعد میں مرڈوک کے سٹار ٹی وی چینل میں انہیں ہانگ كانگ میں نوکری ملی اور پہلی بار یہیں روپرٹ مرڈوک سے ان کی ملاقات بھی ہوئی تھی۔
وینڈی ڈینگ مرڈوک کے میڈیا بزنس میں اہم کردار ادا کرتی آ رہی ہیں۔







