
زیرو ڈارک تھرٹی میں فلم کے نمایاں ستاروں میں جیسیکا چیسٹن نے ایک نوجوان سی آئی اے ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے جس نے کئی برسوں تک اسامہ بن لادن کا پیچھا کیا۔
نیویارک میں ہونے والے فلم کریٹک سرکل ایوارڈز میں ہدایت کارہ کیتھرین بیگلو اور ہدایتکار سٹیون سپلبرگ کی فلم لنکن نے ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔
بیگلو کی فلم زیرو ڈارک تھرٹی جو القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی تلاش کے دس برسوں کی کہانی پر مشتمل تھی دو ہزار بارہ کی بہترین فلم جبکہ وہ اس کے بہترین ہدایتکارہ کے ایوارڈ کی مستحق بنیں۔
فلم ’لنکن‘ نے تین ایوارڈز جیتے جن میں بہترین اداکار کا ایوارڈ ڈینیئل ڈے لیوس کو ملا۔ انہوں نے اس فلم میں امریکی صدر کا کردار ادا کیا تھا۔
ان ایواڈز کا اعلان ٹوئٹر پر کیا گیا۔
ہالی وڈ اکیڈمی ایوارڈز کے بعد یہ دوسرے بڑے فلم ایوارڈز ہیں جن کے ملنے کے بعد زیرو ڈارک تھرٹی کا شمار بہترین فلموں میں ہونے لگا ہے۔
اس فلم کے نمایاں ستاروں میں جیسیکا چیسٹن نے ایک نوجوان سی آئی اے ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے جس نے کئی برسوں تک اسامہ بن لادن کا پیچھا کیا۔
سپیلبرگ کی فلم ابراہیم لنکن کی غلامی کو غیرقانونی قرار دینے کی جنگ کے متعلق ہے۔
اس میں سیلی فیلڈ نے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا اور اسی فلم کو بہترین سکرین پلے کا ایوارڈ ملا، جب کہ میتھیو میکنوٹی نے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔
غیر ملکی زبان میں بہترین فلم کا ایوارڈ آسٹریا کے ڈائریکٹر میکائیل ہانیکا کی فلم آمور کو ملا اورٹّم بروٹن کی فلم فرینکن وینی نے بہترین اینی میٹڈ فیچر کا ایوارڈ حاصل کیا۔
یہ ایوارڈز سات جنوری دو ہزار تیرہ کو ہونے والی تقریب میں تقسیم کیے جائیں گے۔






























