’یقین نہیں آتا کہ راجیش کھنہ ہم میں نہیں رہے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بالی وڈ کے نامور اداکار اور سابق رکنِ پارلیمان راجیش کھنہ کے انتقال کو ہندی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا گیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ سمیت بالی وڈ میں راجیش کھنہ کے ساتھ کام کرنے والے اور آج کے دور کے اداکاروں نے راجیش کھنہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ راجیش کھنہ نے بالی وڈ کو بہت کچھ دیا ہے اور ان کے ساتھ ہی ایک دور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔
راجیش کھنہ کے ساتھ کئی فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ آشا پاریکھ نے ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ’راجش کھنہ کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزا آتا تھا۔انہیں مٹھائی کا بہت شوق تھا۔ اس لیے سیٹ پر ہمیشہ مٹھائی رہتی تھی۔ اور جس دن مٹھائی نہیں ہوتی تھی تو وہ بہت پریشان ہوجاتے تھے۔ راجیش کھنہ بہت ماہر اداکار تھے‘۔
ہدایت کار سبھاش گھئی نے ٹوئٹر پر لکھا ہے ’مجھے راجیش کھنہ کے جانے پر بہت افسوس ہے۔ عمر کے اس مرحلے میں جب وہ سرطان کی بیماری سے لڑائی لڑ رہے تھے، مگر ذہنی طور پر وہ آج بھی بہت مضبوط تھے‘۔
گلوکار آشا بھونسلے کا کہنا تھا ’راجش کھنہ اپنے دور کے بہت مقبول اداکار تھے۔ دل کے بہت سادہ تھے۔ لڑکیاں ان پر جان دیتی تھیں لیکن اس کے باوجود ان کے قدم زمین پر تھے۔ مجھے آج بھی یاد ہے شادی شدہ اور غیر شادی شدہ لڑکیاں انہیں خون سے خط لکھتی تھیں‘۔
اداکار شکتی کپور نے اپنے پیغام میں کہا ہے ’مجھے کاکا کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ پہنچا ہے۔مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ وہ اب ہمارے درمیان نہیں ہیں‘۔
ہدایت کار کرن جوہر نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے ’ایک عظیم سٹار ہمارے درمیان نہیں رہا۔پوری فلم انڈسٹری صدمے میں ہے‘۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اداکار موشمی چٹرجی نے کہا ہے 'راجیش کھنہ کی ایک فلم کا مشہور ڈائیلاگ ہے ’زندگی بڑی نہیں لمبی چاہیے۔۔ راجیش کھنہ نے لمبی زندگی جی‘۔۔ مجھے ابھی بھی یقین نہیں ہورہا ہے کہ وہ اس دنیا میں نہیں ہیں‘۔
اداکارہ ہیما مالنی نے راجیش کھنہ کے انتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ’میں نے راجیش کھنہ کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا اور ان کے ساتھ گزارا ہوا وقت مجھے یاد ہے۔ ' انداز' اور پریم نگر ان کے ساتھ میری دو ایسی فلمیں ہیں جو مجھے بہت پسند ہیں۔ ان کا اس دنیا سے جانا ہندی فلم انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان ہے‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم ناقدین بھاونہ سومیا کا کہنا ہے ’راجیش کھنہ نے بہترین فلموں میں کام کیا ہے۔ اس کے لیے راجیش کھنہ کے ہنر کے علاوہ ان کے ہدایت کار بھی ان کی کامیابی کے ذمہ دار تھے۔ راجیش کھنہ کو ایسے ہدایت کار ملے جو نہ صرف ان کو سمجھتے تھے بلکہ وہ جانتے تھے کہ راجیش سے بہتر اداکاری کیسے کرائی جاسکتی ہے‘۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اداکارہ شبانہ اعظمی نے نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کو بتایا تھا ’راجیش کھنہ کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ بہت ' موڈی' ہیں۔ لیکن مجھے تو ان کی معصوم مسکراہٹ یاد ہے۔ ایک بار ایسا ہوا کہ وہ سیٹ پر آئے تو انکے پیر پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔سیٹ پر موجود ایک شخص نے ان سے پوچھا کہ کیا ہوا تو انہوں نے کہا ' کل شوٹنگ کررہا تھا گھوڑے سےگر گیا۔ پیر میں چوٹ لگ گئی' ۔ میں نے کہا کہ لیکن کل تو آپ میرے ساتھ شوٹ کررہے تھے وہاں تو کوئی گھوڑا نہیں تھا۔اس شخص کے جانے کے بعد راجیش کھنہ نےمجھ سے کہا تمہیں منھ کھولنا ضروری تھی۔ میرا پیر لنگی میں پھنس گیا تھا اور میں گر گیا۔ ' اب کیا میں ایک ہیرو ہوکر لوگوں کویہ بتاؤں کہ میرا پیر لنگی میں پھنس گیا تھا‘۔
راجیش کھنہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ بالی وڈ میں پہلی بار ایسا ہوا تھا کہ راجیش کھنہ کی ایک کے بعد ایک ہٹ فلموں کے نتیجے میں ان کے لیے ' سپرسٹار' لفظ کااستمعال ہوا تھا۔
راجیش کھنہ کے بارے میں ان کو قریب سے جاننے والوں کو ملی جلی رائے ہے۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ راجیش کھنہ سادہ مزاج شخص تھے وہیں بعض کا کہنا ہے کہ وہ اصل زندگی میں بھی سپرسٹار کی طرح رہتے تھے۔
مبصر کہتے ہیں کہ راجیش کھنہ کے بارے میں لوگوں کی جو بھی رائے ہو۔ پورا ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں پھیلے ہیں ان کے مداح تو انہیں ان ہٹ فلموں اور ان نغموں کی وجہ سے یاد کرتے ہیں جو وہ اپنے پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔







