ٹام کروز اور کیٹی ہومز طلاق لے رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters
ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور اداکا ٹام کروز اور ان کی اہلیہ کیٹی ہومز شادی کے پانچ برس بعد طلاق لے رہے ہیں۔
ٹام کروز کے وکیل جوناتھن وولف نے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ’یہ ٹام کروز کا ذاتی مسئلہ ہے۔‘
واضح رہے کہ انچاس سالہ ٹام کروز اور کیٹی ہومز کی چھ سال کی ایک بیٹی ’سوری‘ ہے جبکہ ٹام کروز کے ان کی سابق اہلیہ نکول کڈمین سے دو بچے اور بھی ہیں۔
ٹام کروز نے نومبر سنہ دو ہزار چھ میں تینتیس سالہ کیٹی ہومز سے تیسری شادی کی تھی۔
ٹام کروز کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ’کیٹی ہومز نے طلاق کے لیے درخواست دائر کر دی ہے جبکہ ٹام کروز بہت اداس ہیں اور وہ اپنے تینوں بچوں پر توجہ دے رہے ہیں۔
ٹی ایم زیڈ نیوز کے مطابق کیٹی ہومز نے جمعرات کو نیویارک میں طلاق کے کاغذات جمع کروائے۔
کیٹی نے ٹام کروز سے طلاق لینے کی وجہ کو ناقابلِ مصالحت اختلافات بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کی پرورس کی ذمہ داری اکیلے خود لینا چاہتی ہیں۔
ٹام کروز نے کیٹی ہومز کو پیرس میں ایفل ٹاور کے پاس شادی کی تجویز دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹام کروز اور کیٹی ہومز فروری کے بعد اکھٹے دکھائی نہیں دیے اور ایک اندازے کے مطابق دونوں دو سو پچھہتر ملین ڈالر کی مشترکہ جائیداد کے مالک ہیں۔







