انڈین فلم فسٹیول میں گینگز آف واسع پور

،تصویر کا ذریعہofficial website
بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار انو راگ کشیپ کی فلم ’گینگز آف واسع پور‘ کا پریمیئر لندن انڈین فلم فسٹیول میں ہوا۔
اس پریمیئر میں انو راگ کے علاوہ معروف فلم ساز اور ہدایت کار یش چوپڑہ کی بیوی پامیلا چوپڑہ اور اداکارہ انوشکا شرما بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر انوشکا شرما نے کہا ’میں نے فلم گینگز آف واسع پور کے پریمیئر کا خوب لطف اٹھایا۔ اب میں انو راگ کی آنے والی فلم میں کام کرنے کے لیے کافی پرجوش ہوں۔‘
انو راگ کشیپ نے کہا ’لندن انڈین فلم فیسٹیول میرے لیے لکی ہے۔ میری فلم ڈیو ڈی کا پریميئر بھی یہیں ہوا تھا۔ پھر ’ڈیٹ گرل ان یلو بوٹس‘ بھی یہیں دکھائی گئی تھی اور اب ’گینگز آف واسع پور‘ بھی یہاں دکھائی گئی ہے، یہ میرے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ یہ لندن انڈین فلم فیسٹیول کا تیسرا سال ہے جو بیس جون سے تین جولائی تک جاری رہے گا۔
’گینگز آف واسع پور‘ بھارت میں جمعہ کو ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم کوئلہ مافیا پر مبنی ہے۔
اس فلم میں اداکار منوج واجپائی، رچا چڈھا، نوازالدین صدیقی، ہما قریشی اور ریما سین نے اہم کردار نبھایا ہے۔



