سویڈن کی لورین یورو ویژن کی فاتح

لورین

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسویڈین کی لورین کو باکو میں ہونے والی ووٹنگ سے پہلے ہی برتری حاصل تھی

یورپ میں گائیکی کا مقابلہ یورو ویژن سویڈین کی گلوکارہ لورین نے اپنے کلب ٹریک ایورپیا کے ساتھ جیت لیا ہے۔

57 ویں یورو ویژن مقابلے کا انعقاد آذربائجان کے شہر باکو کے شاندار کرسٹل ہال میں منعقد ہوا اور وہاں بیس ہزار کے قریب شائقین لائیو مقابلے کو دیکھنے کے لیے موجود تھے۔

سویڈن کی لورین کو باکو میں ہونے والی ووٹنگ میں پہلے سے ہی برتری حاصل تھی اور اس میں ان کو صرف روس کی برونوو گرینز، سرببا اور میزبان ملک آذر بائیجان کے گلوکار‎‎وں سے چیلنج کا سامنا تھا۔

اس مقابلے میں برطانیہ کے انگلبرٹ پمرڈنگ سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ اس مقابلے میں دوئم پوزیشن پر آئے۔

چھہتر سالہ برطانوی گلوکار کا کہنا تھا’میں نے اپنے ملک کے لیے پوری کوشش کی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا ’میں نے اپنے کرئیر میں بہت کامیابی دیکھی ہے اور یورو ویژن میں حصہ لینا ایک بے حد شاندار تجربہ رہا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ’میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور خاص طور سے بیرونی دنیا کے ان مداحوں کا اور جنہوں نے میری حمایت کی ہے۔‘

واضح رہے کہ برطانیہ کے کسی بھی گلوکار یا موسیقی کے بینڈ نے سنہ 1997 سے یہ مقابلہ نہیں جیتا ہے اور برطانیہ کے گلوکاروں نے گزشتہ دس برسوں میں تین بار آخری مقام حاصل کیا ہے۔

واضح رہے کہ یورو ویژن ایک بے حد مقبول موسیقی کا مقابلہ ہے کہ اس مقابلے کو پوری دینا میں ٹی وی پر تقریباً ایک سو پچیس ملین افراد نے دیکھا ہے۔

آذربائیجان میں ہونے والے اس مقابلے میں چھبیس ممالک نے حصہ لیا تھا اور جس ہال میں یہ مقابلہ ہوا وہاں بیس ہزار لوگوں نے بیٹھ کر مقابلے کا مزا لیا۔

اس مقابلے میں نیشنل جوری یعنی ججوں کے علاوہ ٹی وی کے ذریعے لوگ ووٹ دیتے ہیں۔سویڈین کی لورین کو تین سو بہتر ووٹ حاصل ہوئے۔

مقابلہ میں فاتح ہونے کے بعد لورین نے کہا’میں آپ سب کو بے حد پیار کرتی ہوں۔ مجھ میں یقین کرنے کے لیے بہت شکریہ۔‘

ان کا مزید کہنا تھا’ آپ سب کی حمایت کے بغیر میں یہ جیت حاصل نہیں کرسکتی تھی۔‘