رولنگ کے خلاف سرقہ کا مقدمہ خارج

ایک امریکی جج نے ہیری پوٹر سیریز کی مصنفہ جے کے رولنگ کے خلاف ایک دوسرے ادیب کے کام کی نقل کرنے کا مقدمہ خارج کر دیا ہے۔
آنجہانی برطانوی ادیب ایڈریان جیکبز کے وکلاء نے امریکی عدالت میں دائر مقدمے میں کہا تھا کہ ہیری پوٹر سیریز کی چوتھی کتاب ’ہیری پوٹر اینڈ دا گوبلٹ آف فائر‘ میں جیکبز کی کہانی ’ایڈونچرز آف ولی دا وزرڈ‘ کے قابلِ ذکر حصے شامل کیے گئے ہیں۔
اپنے فیصلے میں جج شیرا شینڈلن نے لکھا کہ ان دونوں کہانیوں میں کئی بڑے فرق ہیں اور یہ دونوں ’مواد اور طرزِ تحریر میں واضح طور پر مختلف ہیں‘۔
امریکہ میں ہیری پوٹر سیریز شائع کرنے والے ادارے شولاسٹک کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے سے مطمئن ہے۔
ادارے کے ترجمان کائل گڈ کا کہنا تھا کہ ’عدالت کے جلد ہی اس مقدمے کو خارج کرنے سے ہمارے اس موقف کی تائید ہوتی ہے کہ یہ مقدمہ بےبنیاد تھا‘۔
ایڈریان جیکبز کے وکلاء نے فروری 2010 میں ہیری پوٹر سیریز کے برطانوی ناشر بلومز بری کے خلاف بھی ایسا ہی مقدمہ دائر کیا تھا اور اس موقع پر سیریز کی مصنفہ جے کے راؤلنگ نے کہا تھا کہ انہوں نے کبھی جیکبز کی کتاب کا نام بھی نہیں سنا۔

اکتوبر 2010 میں لندن ہائی کورٹ کے جج نے جیکبز کے وکلاء کے دعوے کو تو ناقابلِ یقین قرار دیا تھا تاہم جے کے رولنگ اور بلومز بری کے وکلاء کی جانب سے مقدمے کے فوری اخراج کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
اب اس مقدمے کی سماعت فروری 2012 میں ہونی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ ایڈریان جیکبز سنہ 1997 میں انتقال کر گئے تھے اور ان کی کتاب ’ایڈونچرز آف ولی دا وزرڈ‘ سنہ 1987 میں شائع ہوئی تھی جبکہ ہیری پوٹر سیریز 1997 میں سامنے آئی تھی اور اب تک جہاں دنیا بھر میں اس کی چار سو ملین سے زائد کتابیں شائع ہو چکی ہیں وہیں اس سیریز کا پینسٹھ زبانوں میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے۔







