عالیہ اور رنبیر کی شادی میں کون کون آیا، دیکھیے تصاویر میں

    • مصنف, مدھو پال
    • عہدہ, بی بی سی ہندی کے لیے

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی آخر کار ہو ہی گئی۔ آج کا دن نہ صرف رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے لیے خاص ہے بلکہ ان کے کروڑوں مداح اور پوری انڈسٹری اس دن کا انتظار کر رہی تھی۔

دونوں کی شادی نہایت سادگی سے ہوئی۔ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے باقی ستاروں کی طرح کسی بڑے ہوٹل، محل یا یورپ کے دلکش مقامات پر شادی کرنے کے بجائِے اس موقعے کے لیے اپنے گھر کا انتخاب کیا۔

رنبیر کپور ممبئی کے باندرہ کے پالی ہل میں واقع واستو بلڈنگ میں ساتویں منزل پر رہتے ہیں۔ وہیں عالیہ بھٹ اسی عمارت کی پانچویں منزل پر کرائے کے فلیٹ میں رہتی ہیں۔ شادی کی تمام رسومات وہیں پر ہوئیں۔ جمعرات کی صبح ہلدی کے بعد سہ پہر 3 بجے شادی کا مہورت تھا۔

شادی میں صرف 50 مہمان موجود تھے، جن میں صرف کپور خاندان اور بھٹ خاندان کے قریبی لوگوں نے شرکت کی۔ رندھیر کپور، ریما جین، کرن جوہر، امیتابھ بچن کی بیٹی شویتا نندا اور ان کی پوتی نویہ نویلی، کرینہ کپور، سیف علی خان، لو رنجن، راہول بھٹ، شاہینہ بھٹ، سونی رازدان، پوجا بھٹ، راہل بھٹ، ریما جین، ان کے بیٹے ارمان جین اور امبانی خاندان کے بیٹے بہو آکاش اور شلوکا بھی موجود تھے۔

رنبیر کپور کی بہن ردھما کپور نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عالیہ کو ’گڑیا‘ کہا۔

آج بیساکھی کا تہوار بھی ہے، آج کا دن کپور خاندان کے لیے اس لیے بھی خاص ہے کہ 13 اپریل 1979 کو بیساکھی کے ہی موقع پر نیتو کپور اور رشی کپور کی شادی ہوئی تھی اور آج 43 سال بعد بیساکھی کے دن ہی رنبیر اور عالیہ کی شادی ہوئی ہے۔

اس خاص موقعے پر پوری عمارت کو پھولوں اور چمکتی ہوئی تاروں سے سجایا گیا تھا۔

فی الحال رنبیر کے بنگلے 'کرشنا راج' میں مرمت کا کام جاری ہے۔

یہ وہی بنگلہ ہے جہاں مرحوم اداکار رشی کپور اور ان کا پورا خاندان برسوں سے مقیم تھا۔

'کرشنا راج' بنگلے سے لے کر رنبیر اور عالیہ کے نئے گھر 'واستو' تک سڑک کے کنارے روشنیاں جگمگا رہی ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ کپور خاندان کرشنا راج بنگلے سے رنبیر کپور کی بارات لے کر 'واستو' گیا، ہر رسم روایتی طریقے سے مکمل کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

بدھ سے شادی کی رسومات شروع ہو گئی تھیں۔ بدھ کو کپور خاندان اور عالیہ بھٹ کے پورے خاندان نے مہندی کی تقریب میں شرکت کی۔

اس سے پہلے دونوں خاندانوں کی جانب سے کوئی معلومات شیئر نہیں کی جا رہی تھیں۔

نیتو کپور کئی بار انٹرویوز میں کہہ چکی ہیں کہ اداکار رشی کپور ہمیشہ اپنے بیٹے رنبیر کپور کو آباد دیکھنا چاہتے تھے۔ لیکن گذشتہ برس ان کی وفات ہوگئی تھی۔

رشی کپور کی آخری خواہش کا احترام کرتے ہوئے کپور خاندان ہر چھوٹی سے چھوٹی رسم پورے جوش و خروش سے ادا کرنا چاہتا تھا۔ شادی کے دوران ہر چھوٹی رسم کو پورا کیا گیا۔

ان تمام رسومات میں رنبیر کپور کی بہن ردھیما کپور ساہنی اور کزنز اداکارہ کرشمہ کپور اور کرینہ کپور بھی موجود تھیں۔

ان کے علاوہ ان کی خالہ ریما جین اور ان کے بیٹے آدر جین، ارمان جین بھی موجود تھے۔

ہدایت کار آیان مکھرجی اور کرن جوہر نے بھی رنبیر اور عالیہ کے قریبی دوستوں کی حیثیت سے رسومات میں شرکت کی۔

رپورٹس کے مطابق تمام مہمانوں اور عملے کے موبائل فونز لے لیے گئے تھے تاکہ شادی یا دیگر رسومات کی کوئی تصویر یا ویڈیو لیک نہ ہو سکے۔