صبا آزاد: ریتک روشن کی دوست کون ہیں؟

،تصویر کا ذریعہInstagram/@Saba Azad
- مصنف, سُپریا سوگلے
- عہدہ, بی بی سی ہندی
بالی وڈ اداکار ریتک روشن ان دنوں جب سوشل میڈیا پر تبصروں کی وجہ بنتے ہیں تو اس کی وجہ ان کی کوئی فلم نہیں بلکہ ان کی صبا آزاد سے دوستی اور ان کے ساتھ لی گئی کوئی تصویر ہوتی ہے۔
اسی طرح حال ہی میں دونوں کو ممبئی ایئرپورٹ پر ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے دیکھا گیا تھا۔ ایسی کوئی تصویر آتی ہے اور لوگ پوچھنے لگتے ہیں کہ یہ صبا آزاد ہیں کون؟
فلم 'کہو نا پیار ہے' سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے ریتک روشن کا شمار ہندی فلم انڈسٹری کے خوبصورت اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔
سال 2000 میں انہوں نے اپنی گرل فرینڈ سوزین خان سے شادی کی تھی لیکن 2014 میں دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی۔ اس کے بعد بھی ریتک اور سوزین کو کئی مرتبہ ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا گیا۔
حال کی ہی مثال لیں تو بدھ کو سوزین خان نے ایک پارٹی کی تصاویر شیئر کی تھیں۔ اطلاعات یہ ہیں کہ سوزین نے گوا میں ایک ریستوران ڈیزائن کیا ہے اور یہ اسی کی پارٹی کی تصاویر ہیں جہاں انھوں نے خود اپنے سابقہ شوہر کو مدعو کیا تھا۔
پارٹی کی ایک تصویر میں سوزین خان اپنے ایک دوست کے ساتھ ہیں اور ریتک صبا کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ یہ تصویر وائرل بھی ہوئی اور انڈیا کے مختلف اخبارات میں اس پر چرچہ بھی ہوئی۔
کچھ عرصے سے صبا آزاد کے ساتھ ان کی دوستی اور تعلقات کے چرچے بہت زیادہ ہونے لگے ہیں کیوں کہ انھیں اکثر مقامات پر ایک دوسرے کے ساتھ ہی دیکھا جاتا ہے۔
صبا آزاد کا نام ریتک کے ساتھ سب سے پہلے اس وقت جوڑا گیا جب ریتک کے چچا اور موسیقار راجیش روشن نے مداحوں کے ساتھ روشن خاندان کے ایک فیملی فنکشن کی تصویر شیئر کی، جس میں صبا آزاد بھی فیملی کے ساتھ نظر آئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریتک روشن کو اکثر صبا آزاد کے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے بھی دیکھا گیا ہے۔
صبا آزاد کون ہیں؟

،تصویر کا ذریعہRajesh Roshan
صبا آزاد کا اصل نام صبا سنگھ گریوال ہے۔ یکم نومبر 1990 کو دہلی میں پنجابی اور کشمیری والدین کے ہاں پیدا ہونے والی صبا نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنا نام صبا ’آزاد‘ رکھا کیونکہ وہ خود کو کسی بھی قسم کے ٹیگ سے پاک رکھنا چاہتی ہیں اور اپنی شناخت بنانا چاہتی ہیں۔ ان کے نام کی وجہ سے انہیں کافی ٹرول کیا جاتا ہے۔
وہ تھیٹر کی دنیا کے معروف مصنف و ہدایت کار صفدر ہاشمی کی بھانجی ہیں۔ وہ بچپن سے ہی اپنے ماموں کے تھیٹر گروپ ’صفدر جن ناٹیہ منچ‘ سے وابستہ تھیں۔ صبا آزاد نے تھیٹر کے کئی نامور لوگوں کے ساتھ کام کیا ہے جن میں ایم کے رینا، حبیب تنویر، جی پی دیش پانڈے اور این کے شرما جیسی مشہور شخصیات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
صبا آزاد نے کئی طرح کے رقص سیکھے ہیں اور اوڈیشی کلاسیکل رقص بھی سیکھا ہے۔ وہ اپنے سرپرست کِرن سہگل کے ساتھ بیرون ملک پرفارم بھی کر چکی ہیں۔
صبا آزاد نے ممبئی میں پرتھوی تھیٹر سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔
فلموں میں انھوں نے اپنی اداکاری کا آغاز ایشان نائر کی مختصر دورانیے کی فلم ’غرور‘ سے کیا، جسے نیویارک اور فلورنس کے کئی بین الاقوامی فلمی میلوں میں دکھایا گیا۔
ہندی فلموں کا سفر
2008 میں صبا نے ہندی فلموں میں اپنے سفر کا آغاز راہول بوس کے ساتھ فلم ’دل کبڈی‘ سے کیا۔ صبا کو سنہ 2011 میں یش راج کی فلم ’مجھ سے فرینڈشپ کرو گے‘ میں ثاقب سلیم کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ حال ہی میں وہ ’راکٹ بوائز‘ سیریز میں پروانہ ایرانی کے کردار میں نظر آئیں، جس کے لیے انہیں کافی پذیرائی ملی۔
2010 میں صبا نے ’دی سکِن‘ کے نام سے اپنا ایک تھیٹر گروپ شروع کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@iHrithik
اس سے قبل ڈرامے 'لوو پیوک' کی ہدایت کاری صبا نے خود کی تھی۔ اس کا پہلا شو ستمبر 2010 میں ممبئی کے نیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس میں پیش کیا گیا تھا۔
موسیقی میں دلچسپی رکھنے والی صبا نے کئی ہندی فلموں میں گانا بھی گایا ہے۔ ان میں شاندار فلم کا گانا ’نیند نہ مجھکو آئے‘، کارواں کا ’بھر دے ہمارے گلاس‘ اور مرد کو درد نہیں ہوتا کا 'نکھرے والی' شامل ہیں۔
صبا عامر خان کی فلم دھوم کے گانے کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔ نصیر الدین شاہ کے بڑے بیٹے عماد شاہ کے ساتھ مل کر انہوں نے 2012 میں مقبول الیکٹرانک بینڈ ’میڈ بوائے مِنک‘ بنایا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صبا کا عماد شاہ کے ساتھ محبت کا رشتہ ختم ہونے کے بعد بھی انہوں نے اپنا میوزک بینڈ برقرار رکھا اور وہ ایک ساتھ کئی شوز کرتے نظر آتے ہیں۔
صبا آزاد نے جنوری 2020 میں شاہین باغ میں سی اے اے کے خلاف تحریک میں بھی حصہ لیا تھا جس میں انہوں نے انڈیا پیپلز تھیٹر ایسوسی ایشن کا گانا ’تو زندہ ہے‘ گایا تھا۔ صبا نے وہاں لوگوں کو فیض احمد کی نظم 'بول کے لب آزاد ہیں تیرے' بھی سنائی تھی۔










