آسکر 2022: ایوارڈز کی ریس میں بہترین 16 فلمیں کون سی ہیں؟

،تصویر کا ذریعہNetflix
مارچ کے اختتام میں گذشتہ سال کے سب سے بڑے فلمی ستاروں اور فلموں کو آسکر ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
پڑھیے آسکر کے لیے نامزد کی گئی حتمی بہترین 16 فلموں کے بارے میں۔
1. دی پاور آف دا ڈاگ

،تصویر کا ذریعہNetflix
یہ کس بارے میں ہے؟ یہ ایک دکھی ویسٹرن فلم ہے جس میں ایک رینچر اپنے بھائی کی نئی بیوی اور اس کے بیٹے کو بڑی بے دردی سے اذیت دیتا ہے۔
اس میں کون ہے؟ بینیڈکٹ کمبربیچ، کرسٹن ڈنسٹ، جیسی پلیمنز، کوڈی سمٹ میکفی۔
کتنے آسکرز کے لیے اسے نامزد کیا گیا ہے؟ 12
اس کے آسکر جیتنے کے امکانات کتنے ہیں؟ بہت زیادہ۔ یہ سرِفہرست ہے اور خیال ہے کہ یہ بہترین فلم کوڈی سمٹ میکفی کے لیے بہترین معاون اداکارہ اور جین کیمپیون کے لیے بہترین ہدایتکار کے ایوارڈ جیت سکے گی۔
واضح رہے کہ جین کیمپیون دو مرتبہ بہترین ہدایتکار کے لیے نامزد ہونے والی پہلی خاتون بن چکی ہیں۔ کیمپیون سکرین پلے کے لیے بھی انعام جیت سکتی ہیں۔
کمبربیچ، ڈنسٹ اور پلیمنز بھی نامزد ہوئے ہوئے ہیں اور ریڈیوہیڈ کے جونی گرین وڈ موسیقی اور فلم کے پردے کے پیچھے کی صلاحیتوں کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں اور نیٹ فلیکس پر۔
2. ڈیون

،تصویر کا ذریعہWARNER BROS / CHIA BELLA JAMES
یہ کس بارے میں ہے؟ اس کا مرکزی خیال فرینک ہربرٹ کے سائنس فینٹیسی ناول سے لیا گیا ہے جو ایک اچھے خاندان کے لڑکے اور کہکشاں کے سب سے قیمتی مادے کی حفاظت میں اس کے کردار کے بارے میں ہے۔
اس میں کون ہے؟ ٹمتھی شالامے، ربیکا فرگوسن، زیندایا۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ 10
اس کے آسکر جیتنے کےامکانات کتنے ہیں؟ عددی طور پر اس کے سب سے زیادہ آسکر جیتنے کا امکان ہے، جو کہ کرافٹ کے زمرے میں سنیماٹوگرافی، ایڈیٹنگ، پروڈکشن ڈیزائن، ساؤنڈ اینڈ ویژول ایفیکٹس کے ساتھ ساتھ ہنس زیمر کے سکور کی صورت میں بھی سب سے پسندیدہ سمجھی جا رہی ہے۔
یہ بہترین فلم کی دوڑ میں بھی ہے لیکن حیران کن طور پر ہدایتکار ڈینس ولینیو کا نام کسی نامزدگی میں نہیں اور نہ ہی اس فلم میں سے کوئی بہترین اداکاری کے لیے نامزد کیا گیا۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں اور آن ڈیمانڈ سٹورز میں۔
3. بیلفاسٹ

یہ کس بارے میں ہے؟ یہ سر کینتھ برانا کی بنائی ہوئی ایک نیم سوانح عمری ہے جو بیلفاسٹ میں پرورش پانے والے ایک نوجوان لڑکے کے گرد گھومتی ہے۔
اس میں کون ہے؟ جیوڈ ہل، جیمی ڈورنن، کیاران ہائنڈز، کیٹریونا بالفے، ڈیم جوڈی ڈینچ۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ سات۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ ہائنڈز اور ڈیم جوڈی معاون اداکاروں کے لیے ہیں اور وین موریسن کی دھن ڈاؤن ٹو جوئے بہترین گانے کے لیے لیکن بیلفاسٹ کی امیدیں شاید بہترین فلم اور اوریجینل سکرین پلے کی دوڑ سے ہیں۔
بعد میں کی جانے والی دو نامزدگیوں کا مطلب ہے کہ سر کینتھ وہ پہلے شخص بن گئے ہیں جنھیں اپنے پورے کیریئر میں سات مختلف کیٹیگریز کے لیے شاٹ لسٹ کیا گیا ہو۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں۔
4. ویسٹ سائیڈ سٹوری

،تصویر کا ذریعہNiko Tavernise
یہ کس بارے میں ہے؟ یہ نیو یارک کے حریف سٹریٹ گینگز اور ٹونی اور ماریا کے پیار کی کہانی پر بنایا گیا سٹیون سپیلبرگ کا ایک کلاسیکل میوزیکل ہے۔
اس میں کون ہے؟ ریچل زیلگر، اینسل ایلگورٹ، آریانا ڈیبوز، ریٹا مورینو۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ سات۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ ڈیبوز بہترین معاون اداکارہ کی دوڑ میں سب سے پہلی فہرست میں ہیں۔ یہ اداکاری کے حوالے سے فلم کی واحد نامزدگی ہے اور یہ فلم کے آسکر کی ٹرافی جیتنے کا سب سے بہتر چانس ہے۔
بہترین فلم اور بہترین ڈائریکٹر کے لیے سپیلبرگ کے کیریئر کی یہ بالترتیب 18ویں اور 19ویں نامزدگیاں ہیں۔ اس کے علاوہ یہ فلم ٹیکنیکل کیٹیگریز جیسے ساؤنڈ، کاسٹیوم ڈیزائن اور سینیماٹوگرافی کی مد میں بھی سراہی گئی ہے۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں۔
5. کنگ رچرڈ

،تصویر کا ذریعہWarner Bros
یہ کس بارے میں ہے؟ یہ ٹینس سٹارز سرینا اور وینس ولیمز کے والد اور کوچ رچرڈ ولیمز کے بارے میں ایک سوانحی ڈرامہ ہے۔
اس میں کون ہے؟ ول سمتھ، اونجنو ایلس، سانیہ سڈنی۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ چھ۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ ول سمتھ نے کبھی آسکر نہیں جیتا لیکن وہ دو مرتبہ نامزد ضرور ہوئے ہیں۔ ایک مرتبہ علی اور دوسری مرتبہ دی پرسوئٹ آف ہیپینس کے لیے۔
اس مرتبہ ایسا لگ رہا ہے کہ شاید وہ تیسری مرتبہ کامیاب ہو جائیں کیونکہ بہت سے لوگ پیشگوئی کر رہے ہیں کہ سمتھ ہی بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتیں گے۔ یہ فلم بہترین پکچر اور بہترین معاون اداکارہ کے لیے بھی نامزد کی گئی ہے۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں اور آن ڈیمانڈ سٹورز پر۔
6. ڈونٹ لک اپ

،تصویر کا ذریعہNetflix
یہ کس بارے میں ہے؟ دو ماہرینِ فلکیات عالمی میڈیا ٹوؤر پر نکلتے ہیں تاکہ دنیا کو خبردار کر سکیں کہ ایک خطرناک دمدار ستارہ زمین کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اس میں کون ہے؟ لیئونارڈو ڈی کیپریو، جینیفر لارنس، میرل سٹریپ، کیٹ بلانچیٹ، مارک رائلینس۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ چار۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ ایڈم میککے کی بنائی ہوئی یہ فلم بہترین فلم اور بہترین اوریجنل سکرین پلے کے حوالے سے ایک آؤٹ سائیڈر ہے۔
میککے نے سنہ 2016 میں بھی دی بگ شارٹ کے لیے سکرین پلے آسکر جیتا تھا تاہم اس میں موجود سٹار کاسٹ میں سے کوئی بھی اس سال نامزد نہیں ہو سکا۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ نیٹ فلیکس۔
7. نائٹمیئر ایلے

،تصویر کا ذریعہKerry Hayes/Walt Disney
یہ کس بارے میں ہے؟ ڈائریکٹر گیلرمو ڈیل تورو کا بنایا ہوا یہ ڈرامہ ایک فراڈیے کے متعلق ہے جو ایک میلے میں سے سیکھی ہوئی جادوئی چالیں شہر لے کر جاتا ہے تاکہ وہاں زیادہ پیسے کما سکے۔
اس میں کون ہے؟ بریڈلے کوپر، کیٹ بلانچیٹ، ٹونی کولیٹ، ولیئم ڈیفوئے۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ چار۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ کچھ بہت زیادہ نہیں، اگرچہ یہ پہلی دس بہترین فلموں میں تو آ گئی ہے، اس کے پاس تین نامزدگیاں ہیں جن کے کچھ زیادہ امکانات نہیں ہیں۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں۔
8. ڈرائیو مائی کار

،تصویر کا ذریعہModern Films
یہ کس بارے میں ہے؟ ہاروکی موراکمی کی شارٹ سٹوری سے اخذ کی گئی اس کہانی میں ایک اداکار اور اس کے ڈرائیور کے طور پر رکھی گئی ایک عورت سفر پر نکلتے ہیں اور آہستہ آہستہ ان کے درمیان ایک خاص رشتہ پیدا ہو جاتا ہے۔
اس میں کون ہے؟ ہڈیٹوشی نشیجیما، ٹوکو میورا، ماساکی اوکاڈا، ریئکی کیریشما۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ چار۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ اس نے بہترین فلموں کی صف میں جگہ بنائی ہے اور ریوسوکے ہاماگوچی بہترین ڈائریکٹر اور بہترین سکرین پلے کی دوڑ میں بھی ہیں لیکن اس کے سب سے زیادہ امکانات بہترین بین الاقوامی فلم کی کیٹیگری میں آسکر حاصل کرنے کے ہیں۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں اور کچھ آن ڈیمانڈ سٹریمنگ سروسز پر۔
9. لیکوریس پیزا

،تصویر کا ذریعہUniversal
یہ کس بارے میں ہے؟ یہ 1970 کی دہائی میں کیلیفورنیا کی سان فرنینڈو وادی میں فلمائی گئی ایک پہلے پیار کی کہانی ہے۔
اس میں کون ہے؟ الانا ہائم، کوپر ہوفمین، شان پین، پریڈلی کوپر۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ تین۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ یہ زیادہ نامزدگیاں حاصل نہیں کر سکی۔ ڈائریکٹر پال تھامس بہترین فلم اور اوریجنل سکرین پلے کی دوڑ میں ہیں۔ اوریجنل سکرین پلے ہی ایسی کیٹیگری ہے جس میں اس کا کوئی چانس ہے۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں۔
10. دی لاسٹ ڈاٹر

،تصویر کا ذریعہEOne
یہ کس بارے میں ہے؟ یہ ایک عورت کی کہانی ہے جو گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ایک اور خاتون اور اس کی بیٹی کے متعلق اتنا سوچتی رہتی ہے کہ اس کے سامنے اس کا اپنا ماضی سرگوشیاں کرنے لگتا ہے۔
اس میں کون ہے؟ اولیویا کولمین، جیسی بکلے، ڈیکوٹا جانسن، پال میسکل۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ تین۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ ماضی میں آسکر جیتنے والی اولیویا کولمین کے اس مرتبہ بھی آسکر جیتنے کے روشن امکانات ہیں۔ اسی کردار کی جوانی کا کردار نبھانے والی جیسی بکلے بہترین معاون اداکارہ کی صف میں آ گئی ہیں۔ ڈائریکٹر میگی گلینہال کو بہترین ایڈیپٹڈ سکرین پلے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں اور نیٹ فلیکس پر۔
11. کوڈا

،تصویر کا ذریعہApple TV+
یہ کس بارے میں ہے؟ کوڈا (چائلڈ آف ڈیف ایڈلٹس) اس بچے کو کہتے ہیں جو گونگے بہرے بالغ افراد/والدین کی اولاد ہو جو خود گونگی بہری نہ ہو۔
اس فلم میں روبی ایک کوڈا بچی ہیں جو موسیقی کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی محسوس کرتی ہیں کہ انھیں اپنے والدین کے کاروبار کے مشکل حالات میں ان کی مدد کرنی چاہیئے۔
اس میں کون ہے؟ ایمیلیا جونز، مارلی مٹلِن، ٹرائے کوٹسور۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ تین۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ ٹرائے کوٹسور بہترین معاون اداکارہ کی کیٹیگری میں ہیں، شان ہیڈر بہترین ایڈیپٹڈ سکرین پلے اور بہترین پکچر کی کیٹیگری میں بھی ہیں۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ ایپل ٹی وی پر۔
12. دی ٹریجیڈی آف میکبتھ

،تصویر کا ذریعہApple TV+
یہ کس بارے میں ہے؟ اس کا مرکزی خیال شیکسپیئر کے ڈرامے سے لیا گیا ہے جس میں ایک لارڈ کو تین جادوگرنیاں یقین دلاتی ہیں کہ وہ اپنی بیوی کے تعاون سے سکاٹ لینڈ کا بادشاہ بن سکتا ہے۔
اس میں کون ہے؟ ڈینزل واشنگٹن، فرانسیز میکڈورمنڈ، کیتھرین ہنٹر۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ تین۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ ڈینزل واشنگٹن کی بطور اداکار یہ نویں آسکر نامزدگی ہے لیکن شاید انھیں اپنی پچھلی دو کامیابیوں میں اضافہ کرنے کے لیے کافی سخت مقابلہ کرنا پڑے۔ اس کی دوسری نامزدگیاں سنیماٹوگرافی اور پروڈکشن ڈیزائن میں ہیں۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں اور ایپل ٹی وی پر۔
13. بیئنگ دی ریکارڈوز

،تصویر کا ذریعہAmazon Prime
یہ کس بارے میں ہے؟ یہ فلم 1950 کی دہائی کے کلاسک امریکی سِٹکام آئی لو لوسی کے اداکاروں لوسائل بال اور دیسی آرناز کے درمیان تعلقات کے بارے میں ہے۔
اس میں کون ہے؟ نکول کڈمین، حاویے بارڈم، جے کے سمنز۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ تین۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ ووٹرز اس فلم کے ایکٹنگ ٹیلنٹ سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ بہت امکان ہے کہ نکول کڈمین بہترین اداکارہ کا دوسرا آسکر بھی حاصل کر لیں جبکہ بارڈم بہترین اداکار اور سمنز معاون اداکار کے لیے نامزد ہیں۔ اس کے رائٹر اور ڈائریکٹر آرون سورکن آسکر کی ریس میں نہیں۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ ایمازون پرائم پر۔
یہ بھی پڑھیے
14. نو ٹائم ٹو ڈائی

،تصویر کا ذریعہUniversal
یہ کس بارے میں ہے؟ یہ ڈینیئل کریگ کی آخری بانڈ فلم ہے، جس میں ان کا سامنا بانڈ کے سب سے خطرناک دشمنوں سے ہوتا ہے۔ اس فلم کو بانڈ سیریز کی ایک نہایت جذباتی فلم کہا جا رہا ہے۔
اس میں کون ہے؟ ڈینیئل کریگ، لی سیڈوکس، آنا ڈی آرماس، رامی ملک، لاشنانہ لنچ۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ تین۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ بلی ایلش اور ان کے بھائی فنیئس اوکونل بہترین گانے کی کیٹیگری میں بانڈ کے گانوں کی کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک بنا سکتے ہیں۔
اس سے پہلے سام سمتھ نے سپیکٹر اور ایڈیل نے سکائی فال میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ نو ٹائم ٹو ڈائی کی دوسری نامزدگیاں بہترین ساؤنڈ اور وژول ایفیکٹس کی کیٹیگری میں ہیں۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ پرمیئم ویڈیو آن ڈیمانڈ اور ڈی وی ڈی اور بلیو رے پر۔
15. فلی

،تصویر کا ذریعہNeon
یہ کس بارے میں ہے؟ یہ ڈنمارک کی ایک دستاویزی فلم ہے جس میں اینیمیشن کا استعمال کرتے ہوئے ایک ہم جنس پرست افغان شخص کو دکھایا گیا ہے جو کابل سے اپنے فرار کے متعلق بتاتا ہے۔
اس میں کون ہے؟ ڈینیئل کاریمیار اور فردین مجدزادے کی آواز امین نامی شخص کے لیے استعمال کی گئی ہے۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ تین۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ یہ آسکر کی غیر معمولی ہیٹ ٹرک کے لیے نامزد کی گئی ہے، جو کہ بہترین ڈاکیومنٹری فیچر، بہترین اینیمیٹڈ فیچر اور بہترین انٹرنیشنل فلم ہیں۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ سینیما گھروں میں اور کچھ آن ڈیمانڈ سٹریمنگ سروسز پر۔
16. اینکانٹو

،تصویر کا ذریعہDisney
یہ کس بارے میں ہے؟ میرابل میدریگال اپنے ایک بڑے خاندان کی واحد فرد ہیں جن کے پاس کوئی جادوئی صلاحیت نہیں۔
اس میں کون ہے؟ اس میں سٹیفینی بیئٹریز، ماریہ سیسیلیا بوٹیرو اور جان لیگیوزامو کی آوازیں استعمال کی گئی ہیں۔
اسے آسکر کی کتنی نامزدگیاں ملی ہیں؟ تین۔
اس کے آسکر جیتنے کے کتنے امکانات ہیں؟ اگرچہ اینکانٹو میں ایک نہایت مشہور گانا وی ڈونٹ ٹالک اباؤٹ برونو بھی شامل ہے لیکن اسے بہترین گانے کے لیے بھیجا ہی نہیں گیا۔
اس کی جگہ لن مینویئل کی کمپوزیشن ڈاس اوروگیئٹاس کو آسکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اینکانٹو کی نامزدگی بہترین سکور کے لیے بھی ہے اور امکان ہے کہ یہ بہترین اینیمیٹڈ فیچر کا ایوارڈ بھی جیت لے گی۔
یہ فلم کہاں دیکھی جا سکتی ہے؟ ڈزنی۔
جن پانچ فلموں کی دو دو نامزدگیاں ہوئیں:
- کروئیلا
- دی آئیز آف ٹیمی فے
- پیریلل برادرز
- ٹک، ٹک ۔۔۔ بوم!
- دی ورسٹ پرسن ان دا ورلڈ












