سدھارتھ شکلا: بگ باس جیتنے والے انڈین ٹیلی وژن کے نوجوان اداکار چل بسے، ساتھی فنکار اور مداح صدمے میں

،تصویر کا ذریعہ@sidharth_shukla
انڈین ٹیلی وژن کے نوجوان اداکار سدھارتھ شکلا کی جمعرات کو ممبئی کے کوپر ہسپتال میں وفات ہو گئی۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق 40 برس کے سدھارتھ شکلا کو جمعرات کی صبح دل کا دورہ پڑا تاہم ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
کوپر ہسپتال کے حکام نے خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔
سدھارتھ انڈین ٹیلی وژن کے انتہائی مقبول اداکار تھے۔ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھتے تھے۔ ان کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے وہ روزانہ جم جایا کرتے تھے۔
یوں تو سدھارتھ شکلا اب فلم انڈسٹری میں بھی قدم جمانے لگے تھے لیکن ٹیلی وژن کے ڈرامے ’بالیکا ودھو‘ میں ان کا کردار بہت مشہور ہوا۔
سدھارتھ شکلا نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا تھا۔ سدھارتھ نے اداکاری کی دنیا میں ٹی وی شو ’بابول کا انگانہ چھوٹے نہ‘ سے قدم رکھا۔
اس کے بعد انھیں ’پہنے پہنے‘، ’یہ اجنبی‘ اور ’تم سے محبت ہے‘ نامی ڈراموں میں بھی اداکاری کے مواقع ملے لیکن وہ مشہور ’بالیکا ودھو‘ سے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ وہ ریئلٹی شو جھلک دکھلا جا 6، ’فیئر فیکٹر: خطروں کے کھلاڑی‘ اور بگ باس 13 میں بھی نظر آئے۔
سنہ 2014 میں سدھارتھ شکلا نے کرن جوہر کی فلم ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا۔ انھیں اس فلم میں معاون اداکار کا کردار ملا۔ سدھارتھ شکلا بگ باس 13 کے فاتح تھے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/BajpayeeManoj
سدھارتھ اور بگ باس میں ان کی ساتھی فنکار شہناز گل کی دوستی کے بہت چرچے رہے۔ دونوں کو کئی مشہور ویڈیوز میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ دونوں کی جوڑی کو پیار سے ’سدھناز‘ بھی کہا جاتا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سدھارتھ کے سوگواروں میں ان کی والدہ اور دو بہنیں شامل ہیں۔ ان کی موت پر فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سدھارتھ کی جواں موت پر ساتھی اداکار اور مداح غمگین
سدھارتھ کی موت سے فلم انڈسٹری سکتے میں آ گئی ہے۔ اس وقت وہ اپنے کریئر کے ایک ایسے مرحلے میں تھے، جب ان کی مقبولیت بڑھتی جا رہی تھی۔
سدھارتھ کی موت کے خبر پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اداکار منوج باجپائی نے ٹوئٹر پر لکھا: ’یہ بہت افسوسناک اور چونکا دینے والی خبر ہے۔ میں ان کے قریبی اور عزیزوں کو پہنچنے والے نقصان کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ نہیں، یار !!!!‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/TandonRaveena
اداکارہ روینہ ٹنڈن نے لکھا: ’میں اس خبر پر یقین نہیں کر سکتی۔ لگتا ہے یہ جھوٹ ہے۔ سدھارتھ ایک کامیاب اور محنتی اداکار تھا۔ وہ بالکل جوان تھا۔‘
کپل شرما نے لکھا: ’اوہ خدا، یہ بہت افسوسناک ہے۔ میری تعزیت اور اہلخانہ کے لیے دعا۔‘
سدھارتھ کے مداح بھی اس خبر میں بہت غمگین ہیں۔ انڈیا اور پاکستان میں سدھارتھ کا نام ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@_Astraphobic_
ایک صارف نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’نہیں کہہ دو یہ جھوٹ ہے ورنہ میں رو دوں گی۔‘
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’الفاظ میرے احساسات کو بیان نہیں کر سکتے۔ وہ بگ باس کے بعد اپنے کریئر کے عروج پر تھے، یقین کرنا مشکل ہے۔ ‘
ایک اور صارف مایا نے سدھارتھ کی ادھوری داستان محبت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’دکھ ہوتا ہے جب کہانی نامکمل ہو لیکن کتاب بند ہو جائے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/@1_maya_
سویرا ملک نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’یہ سن کر صدمہ ہوا کہ سدھارتھ شکلا نہیں رہے۔ دل کا دورہ پڑنے سے وفات ہوئی۔ زندگی بہت غیر متوقع ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/@Saveira_Malick











