آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے پر دلچسپ تبصرے: ’ٹوئٹر کی جانب سے اٹھایا گیا چھوٹا سا قدم انسانیت کے لیے بڑی چھلانگ ہے‘
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنے بولڈ اور متنازع بیانات کے لیے معروف بھی رہی ہیں اور اس وجہ سے ٹرول بھی ہوتی رہی ہیں لیکن گذشتہ روز ان کے کئی متنازع ٹویٹ سامنے آئے جس کے بعد اب ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کر دیا گیا ہے۔
کنگنا کے معطل شدہ اکاؤنٹ پر یہ لکھا نظر آ رہا ہے کہ ٹوئٹر ایسے اکاؤنٹس کو معطل کر دیتا ہے جو اس کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔‘
انڈین میڈیا کے مطابق ان کا اکاؤنٹ مغربی بنگال میں ریکارڈ ساز جیت حاصل کرنے والی ترنمول کانگریس کی رہنما ممتا بینرجی کے خلاف یکے بعد دیگرے کئی ٹویٹس کی وجہ سے معطل کیا گیا۔
بی بی سی نے اس متعلق ٹوئٹر سے رابطہ کیا ہے لیکن ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا لیکن این ڈی ٹی وی کے مطابق ٹوئٹر کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ کنگنا کے اکاؤنٹ کو پلیٹ فارم کی ’ابیوسو بیہیویئر پالیسی‘ (Abusive Behaviour Policy) کے تحت معطل کیا گیا ہے جس میں کسی کو دانستہ طور پر ہراساں کرنے یا لوگوں کو اس کے لیے اکسانا شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق ’ہم ایسے مواد سے منع کرتے ہیں جس میں کسی فرد یا گروپ کی موت، شدید جسمانی چوٹ کی امید یا خواہشات کا اظہار کیا جائے۔‘
انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کنگنا نے ٹوئٹر پر نسل پرستی کا الزام لگایا ہے۔
کنگنا نے کہا ہے کہ ’ٹوئٹر نے میرے مؤقف کو ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکی ہیں اور ایک سفید فام پیدائشی طور پر بھورے رنگ والے کو اپنا غلام سمجھنے کا حق محسوس کرتا ہے، وہ آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ کو کیا سوچنا، بولنا یا کرنا ہے۔‘
کنگنا نے یہ بھی کہا کہ اپنی آواز بلند کرنے کے لیے ان کے پاس بہت سے پلیٹ فارمز ہیں جس میں سینما کی شکل میں ان کا فن بھی شامل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھی پڑھیے
لیکن یہ پہلی بار نہیں جب کنگنا پر قدغن لگائی گئی ہو کیونکہ اس سے قبل جب انھوں نے ایمازون پرائم کی ویڈیو سیریز ’تانڈو‘ کے خلاف ٹویٹ کیا تھا تو ان پر بعض پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
انڈین روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا نے لکھا تھا کہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے ’(فلم بنانے والوں کا) سر اتارنے کا وقت آ گیا ہے۔‘
کنگنا نے ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا تھا کہ ’میرا اکاؤنٹ اور میری ورچوئل شناخت ملک کے لیے کسی بھی وقت شہید ہو سکتی ہے۔‘
کنگنا کا نام اس وقت انڈیا میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے اور اب تک 15 ہزار سے زیادہ ٹویٹس کی جا چکی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین پہلے تو ان کے آکسیجن والے ٹویٹ پر انھیں ٹرول کر رہے تھے لیکن اب ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے پر میمز شیئر کر رہے ہیں۔
اداکارہ شروتی سیٹھ نے ٹوئٹر انڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ایک اچھی علامت ہے۔‘
مہاراشٹر میں برسراقتدار جماعت شیو سینا کی رہنما اور رکن پارلیمان پرینکا چترویدی نے چاند پر قدم رکھنے کے وقت کہے گئے معروف فقرے کو اپنے انداز میں پیش کرتے ہوئے لکھا: ’ٹوئٹر کی جانب سے اٹھایا گیا چھوٹا سا قدم انسانیت کے لیے بڑی چھلانگ ہے۔‘
آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر نے لکھا ہے کہ ’کیا ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اداکارہ پایل روہتگی کی طرح مستقل بند کر دیا جائے گا یا پھر دائیں بازو والوں کی جانب سے غم و غصے کے اظہار کے بعد دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔‘
رؤف نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کنگنا کو (بجا طورپر) ٹوئٹر سے معطل کیا گیا ہے کیونکہ انھوں نے مودی جی سے کہا تھا کہ انھوں نے سنہ 2002 میں جو کیا تھا اسے دہرائیں لیکن مودی جی آج اسی 2002 کی وجہ سے وزیراعظم ہیں۔‘
ساحل شاہ نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’بولے چوڑیاں، بولے کنگنا لیکن اب حقیقت میں نہیں۔‘
بہت سے صارفین ہرتک روشن اور کرن جوہر کی خوشیون کا بھی ذکر کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ماضی میں کنگنا کا کرن اور ہرتک کے ساتھ سخت جھگڑا رہا ہے۔
بہر حال بہت سے صارفین نے کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے۔
ممتا کماری نامی ایک صارف نے لکھا: ’اس ملک میں کیا ہو رہا ہے؟ ہم بی جے پی کو ووٹ نہیں کرسکتے، اگر ووٹ کریں تو ٹی ایم سی کے غنڈے والے ہماری جان لے لیں گے۔ ہم بی جے پی کی حمایت نہیں کر سکتے کیونکہ اگر حمایت کریں گے تو ٹوئٹر یوٹیوب ہمارے اکاؤنٹ بند کر دیں گے۔ ہم انڈیا میں رہ رہے ہیں یا شام میں؟'
فلم تجزیہ نگار سومت کادیل نے لکھا: ’کنگنا آپ آئرن لیڈی ہیں۔۔۔ بعض اوقات میں آپ کے خیالات اور ٹویٹ کے انداز کا حامی نہیں ہوں لیکن میں آپ کے درست مؤقف کا احترام کرتا ہوں۔ سوشل میڈیا کی جانب سے کوئی بھی دباؤ آپ کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔‘
بہت سے صارفین کنگنا کو باہمت اداکارہ قرار دے رہے ہیں جو سچ کو واضح انداز میں پیش کرتی ہیں اور ان کے اکاؤنٹ کو دوبارہ بحال کیے جانے کی بات بھی کی جا رہی ہے۔