چینی سٹار گاؤ لیاؤ: جب ناک پتلا کروانے والی سرجری نے ایک خوبرو اداکارہ کا چہرہ بھیانک بنا دیا

،تصویر کا ذریعہSina Weibo/Gao Liu
اس مضمون میں ایسی تصاویر ہیں جو قارئین کے لیے تکلیف کا باعث بن سکتی ہیں۔
ایک چینی اداکارہ نے اپنی ناک کی کاسمیٹک یعنی زیبائشی سرجری خراب ہونے کے بعد اپنی تصاویر شیئر کی ہیں تاکہ دوسروں کو ایسی سرجری کے خطرات کے بارے میں بتا سکیں۔
گاؤ لیاؤ نے کئی فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے اور انھیں ایک ابھرتے ہوئے ستارے کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ مگر حالیہ مہینوں میں ان کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سائنو ویبو پر انھوں نے اپنی کئی ماہ طویل غیر حاضری کی وضاحت کرتے ہوئے پوسٹ کی کہ اس کا سبب ایک کاسمیٹک سرجیکل واقعہ تھا جس کے بعد ان کی ناک ’گلنے‘ لگی تھی۔
گاؤ نے یہ تصاویر اپنے پچاس لاکھ فالوورز کے ساتھ شیئر کی ہیں جس کے بعد کاسمیٹک سرجری کے موضوع پر بحث چھڑ گئی ہے۔ یہ سرجری چین میں بہت مقبول ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اکتوبر میں ان کی ایک دوست نے انھیں ایک پلاسٹک سرجن سے متعارف کروایا، جس نے انھیں اپنی ناک معمولی سی پتلی کروانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اس سے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔
انھوں نے لکھا: ’جراحی کا یہ پورا عمل چار گھنٹے پر محیط تھا۔ میں نے سوچا تھا کہ ان چار گھنٹوں کے اندر میں مزید خوبصورت بن جاؤں گی۔‘

،تصویر کا ذریعہSina Weibo/Gao Liu
ان کا کہنا تھا: ’میں نے سوچا بھی نہ تھا کہ یہ چار گھنٹے میرے لیے ایک ڈراؤنے خواب کا آغاز ثابت ہوں گے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ بتاتی ہیں کہ ناک کے آپریشن کے بعد ان کی ناک میں کھجلی ہونے لگی اور اس میں بار بار پیپ پڑنے لگی۔ حالانکہ انھیں بتایا گیا تھا کہ وہ دسمبر یا جنوری میں پھر سے اداکاری شروع کر سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیے
انھوں نے کہا کہ ’سرجری کے بعد میری ناک کی نوک پر جلد سیاہ پڑنے لگی اور ناک گلنے لگی۔ مجھے خودکشی کرنے کا خیال بھی آیا۔‘
گاؤ کو دو مہینے تک ہسپتال میں رہنا پڑا اور تقریباً 61 ہزار ڈالر سے بھی ہاتھ دھونا پڑے۔
انھوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ ان کی ناک کو پہنچنے والے نقصان کے بعد وہ کم سے کم ایک سال تک ناک کو پھر سے ٹھیک کروانے کے لیے آپریشن کے قابل نہیں ہو سکیں گی۔

،تصویر کا ذریعہSina Weibo/Gao Liu
روزنامہ دا پیپر کے مطابق گاؤ کی جانب سے اپنی تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد اس کلینک کے خلاف جہاں ان کا آپریشن کیا گیا تھا متعلقہ محکمے کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں جن کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤ کی ناک کا آپریشن کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جبکہ کئی دوسرے افراد نے چین میں قواعد و ضوابط کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کاسمیٹک سرجری چین میں نہایت مقبول ہے اور 2004 میں ان لوگوں کے لیے ایک مقابلہِ حسن کا اہتمام کیا گیا تھا جنھوں نے اپنا ناک نقشہ بہتر بنانے کے لیے کاسمیٹک سرجری کروائی تھی۔
کاسمیٹک سرجری کی مقبولیت چینی نوجوانوں میں بڑھتی جا رہی ہے جس سے ان کلینکس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں بہت سے ایسے لوگ یہ عمل انجام دینے لگے ہیں جو باقاعدہ سندیافتہ نہیں ہیں۔









