بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن اور بیٹے ابھیشیک میں کورونا وائرس کی تشخیص، سوشل میڈیا پر جلد صحت یابی کے پیغامات

،تصویر کا ذریعہTwitter/@kkmputrajaya
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو، دلی
بالی ووڈ کے مقبول اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد دونوں کو ممبئی کے ناناوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ فیملی کے باقی لوگوں کے ٹیسٹ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
امیتابھ بچن نے سنیچر کی رات ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا: ’میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ میں ہسپتال میں داخل ہو چکا ہوں۔ میں نے حکام کو مطلع کر دیا ہے۔ فیملی اور سٹاف کے لوگوں کا ٹیسٹ کرایا جا چکا ہے۔ ان کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ جو لوگ گذشتہ دس دن میں میرے قریب رہے ہیں، میری ان سے گزارش ہے کہ وہ اپنا ٹیسٹ کرائیں۔‘
بعد میں امیتابھ کے بیٹے ابھیشیک بچن نے بھی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کا ٹیسٹ بھی پازیٹیو آیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کے والد اور ان میں کورونا کی معمولی علامات ہیں۔
ابھیشیک نے اپنے والد کے مداحوں سے کہا کہ وہ گھبرائیں نہیں۔ ہسپتال کے ذرائع سے بتایا گیا ہے کہ امیتابھ کی صحت مستحکم ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈیا کے وزیر صحت ہرش وردھن نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ناناوتی ہسپتال سے رابطے میں ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ امیتابھ بچن جلد صحت یاب ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@SrBachchan
ناناوتی ہسپتال کا شمار ممبئی کے اعلیٰ ہسپتالوں میں ہوتا ہے اور اس کے علاوہ یہ شہر کے سب سے اہم کورونا ہسپتالوں میں بھی شامل ہے۔ امیتابھ بچن کے کورونا سے متاثر ہونے کی خبر پھیلتے ہی فلم انڈسٹری سمیت دنیا بھر سے ان کے مداحوں کی طرف سے جلد صحتیابی کے پیغامات آنے لگے ہیں۔
گلوکار کیلاش کھیر نے اپنے پیغام میں کہا: ’میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ آپ جلد ہی صحت یاب ہو کر ہمیں واپس آنے کی خبر دیں۔ پورا ملک آپ کے لیے دعا گو ہے۔‘
سدھارتھ ملہوترا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا:’سینئیر اور جونئیر بچن کی جلد صحتیابی کے لیے بہت ساری دعائیں اور پیار۔‘
پاکستان سے ایک صارف عمائمہ احمد نے لکھا: ’آپ جلدی سے ٹھیک ہو جائیں، مجھے کسی دن آپ سے ملنا ہے۔‘
امیبتابھ بچن حالیہ دنوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انڈین حکومت کے معلوماتی اشتہاروں کے مرکزی ایمبیسڈر تھے۔

،تصویر کا ذریعہ@UmaimaBlogger
امیتابھ ممبئی میں اپنی اہلیہ جیہ پردا کے ساتھ رہتے ہیں جبکہ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن اور ان کی بیوی اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن بھی ممبئی میں ہی رہتے ہیں۔ فیملی کے سبھی لوگوں اور سٹاف کا ٹیسٹ کرایا گیا ہے، جن کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 22 ہزار سے زیادہ ہے۔












