شوبز ڈائری: سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات میں پیشہ وارانہ دشمنی کا عنصر، اقربا پروری پر کرن جوہر کی ٹرولنگ

سوشانت

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خود کشی کے معاملے میں ممبئی پولیس پیشہ وارانہ دشمنی کے زاویے سے بھی تحقیقات کر رہی ہے اور اس بارے میں پولیس نے اب تک کئی لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔

اس ہفتے فلمساز سنجے لیلی بھنسالی نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا جس کے بعد پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ بھنسالی سُشانت سنگھ کے ساتھ چار فلمیں کرنا چاہتے تھے لیکن سوشانت کے پاس وقت یا ڈیٹس نہ ہونے کے سبب یہ فلمیں کسی اور کو دے دی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ سوشانت سنجے لیلی بھنسالی کی فلمیں کیوں نہیں کر پائے اور دوسرے پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ ان کے معاہدوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس اب تک سوشانت کے گھر والوں اور ان کے قریبی دوستوں سمیت 38 لوگوں کے بیان لے چکی ہے۔

دیگر شوبز ڈائریز پڑھیں

بالی وڈ میں محنت اور قسمت کا کھیل

اسی ہفتے سُشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹریلر رلیز ہوا تو ایک بار پھر ان کی موت کا زخم ان تمام لوگوں کے دل میں پھر سے تازہ ہو گیا جو شاید حقیقی زندگی میں سُشانت سے کبھی نہ ملے ہوں یا ان کے قریب رہے ہوں۔

ایک بار پھر سوشل میڈیا پر سلمان خان سے لے کر عالیہ بھٹ، سونم کپور، ایکتا کپور اور سب سے بڑھ کر کرن جوہر کو کوسنے دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

کرن جوہر اور کنگنا رناوت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

کرن جوہر کے ایک قریبی دوست نے ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کو بتایا کہ کرن کو جس طرح سوشل میڈیا پر اقربا پروری کی علامت بنا کر پیش کیا جا رہا ہے اور جس طرح انھیں بے دردی سے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس سے انھیں بہت تکلیف پہنچی ہے اور وہ جیسے بکھر کر رہ گئے ہیں۔

بالی ووڈ میں اگر اقربا پروری کی بات کی جائے تو کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ اگر ایسا ہی ہوتا تو بالی ووڈ کے بادشاہ امیتابھ بچن کے بیٹے ابھشیک بچن آج بالی وڈ کِنگ ہوتے نہ کہ شاہ رخ خان، جو دلی سے نکل کر ممبئی کی اس مایا نگری کے بے تاج بادشاہ بن گئے ہیں۔

دیگر مثالیں تو رنویر سنگھ ،دپیکا پادوکون، پرینکا چوپڑہ اور اقرا پروری کے خلاف میدان جنگ میں موجود بالی وڈ میں جھانسی کی رانی کہی جانے والی کنگنا رناوت کی بھی دی جا سکتی ہیں جنہوں نے باہر سے آکر انڈسٹری میں زبردست کامیابی حاصل کی، یعنی محنت اور قسمت دونوں نے ان کا ساتھ دیا۔

بابیل خان: ’سِکس پیک ایبز والے ہنکس نے میرے پاپا کو باکس آفس پر ہرا دیا‘

بابیل

،تصویر کا ذریعہInsta/babil.i.k

مرحوم اداکار عرفان خان کے بیٹے بابیل بھی آج کل انسٹا گرام پر کافی سرگرم ہیں اور اکثر اپنے پاپا کی تصاویر کے ساتھ ان کی باتیں اور نصیحتیں پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔

اس بار انھوں نے عرفان خان کے ساتھ اپنے بچپن کی تصویر کے ساتھ ایک طویل پوسٹ لکھی ہے جس میں انھوں نے بالی ووڈ کی مبینہ خراب روایات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ عالمی سنیما میں بالی ووڈ کا ذکر شاذو نادر ہی ہوتا ہے۔

بابل خان کا، جو لندن کی ایک یونیورسٹی سے فلم میکنگ پڑھ رہے ہیں، کہنا ہے کہ عالمی سنیما میں نوے کی دہائی کے انڈین سنیما کے بارے میں کوئی آگاہی نہیں ہے اور آج فلم کے نام پر جو لوگوں کو دکھایا جاتا ہے وہ حقیقت سے دور ہے۔ بابل کے مطابق ایسا اس لیے ہے کیونکہ انڈین ناظرین اپنی سوچ اور ذوق بدلنے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے والد نے اپنی تمام زندگی اداکاری اور فن کے معیار کو بلند کرتے گزار دی لیکن حقیقت سے دور ان فلموں میں جنس پرستی، پدرشاہی سوچ اور فوٹو شاپ آئیٹم سانگز کے ساتھ جملے بازی کرتے سِکس پیک ایبس والے ہنکس نے باکس آفس پر میرے پاپا کو شکست دی ہے۔‘

تاہم بابیل کو لگتا ہے کہ بالی وڈ کی نئی نسل ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے جو ان روایات میں تبدیلی ضرور لائے گی۔